ذوالفقارعلی کی موت ایبولا نہیں ڈینگی کے باعث ہوئی قومی ادارہ صحت

ڈینگی، کانگو اور ہیپا ٹائٹس سی کے مرض میں مبتلا مریضوں کی علامات بھی ایبولا جیسی ہوتی ہیں، ڈبلیو ایچ او

ایبولا وائرس کی تصدیق کے لئے خون کے نمونے بیرون ملک بھیجے جائیں گے جہاں ایبولا کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز۔

قومی ادارہ صحت اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صحت (ڈبلیو ایچ او) کی مشترکہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فیصل آباد میں جاں بحق ہونے والے ذوالفقار علی کی موت ایبولا وائرس کے باعث واقع نہیں ہوئی۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق عالمی ادارہ صحت اور قومی ادارہ برائے صحت کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق فیصل آباد کے الائیڈ اسپتال میں دم توڑنے والے چنیوٹ کے رہائشی 40 سالہ ذوالفقار علی کی موت ایبولا وائرس سے نہیں بلکہ ڈینگی کے باعث واقع ہوئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ذوالفقار علی مغربی افریقا کے ملک ٹوگو میں رہا جہاں ایبولا وائرس نہیں ہے اور نہ ہی ذوالفقار علی نے اس مرض سے مبتلا کسی ملک کا سفر کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈینگی، کانگو اور ہیپا ٹائٹس سی کے مرض میں مبتلا مریضوں کی علامات بھی ایبولا جیسی ہوتی ہیں اسلئے فیصل آباد کے ڈاکٹرز کو ذوالفقار علی میں ایبولا وائرس کا شبہہ ہوا۔ ایبولا وائرس کی تصدیق کے لئے خون کے نمونے بیرون ملک بھیجے جائیں گے جہاں ایبولا کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ذوالفقار علی 16 نومبر کو مغربی افریقا کے ملک ٹوگو سے وطن واپس آیا تھا اور چند روز سے اسے شدید بخار تھا لیکن 2 روز قبل اسے الائیڈ اسپتال فیصل آباد منتقل کیا گیا جہاں اس کی موت واقع ہو گئی اور ڈاکٹرز نے ایبولا وائرس کی تصدیق کے لئے ذوالفقار علی کے خون کے نمونے قومی ادارہ صحت بھیجے تھے۔
Load Next Story