انقلاب کی منزل تک غریبوں کی جنگ لڑتا رہوں گا ڈاکٹرطاہر القادری

طبیعت ناساز ہے اگرامریکا میں علاج کے لئے قیام کرلیتا تو قیامت کھڑی کر دی جاتی، سربراہ عوامی تحریک

کوشش ہے کہ کراچی میں مزار قائد پر 25 دسمبر کے طے شدہ جلسے تک کسی پروگرام کا ناغہ نہ کیا جائے،طاہرالقادری۔ فوٹو؛ایکسپریس نیوز

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے لیکن آخری سانس تک غریبوں اور مظلوموں کے حقوق کے لئے جنگ لڑتا رہوں گا۔



بھکر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں آنسو گیس کی شیلنگ کے باعث دل کی تکلیف ہوئی جبکہ شیلنگ سے پھیپھڑے اور گلا شدید متاثرہوا اور جب امریکا گیا تو ڈاکٹروں نے انجیوگرافی کا مشورہ دیا تاہم اگر علاج کے لئے وہاں رک جاتا تو 2 سے 3 ماہ لگ جاتے لیکن بدقسمتی ہے کہ ہمارے سیاسی نظام میں جھوٹ، بددیانتی اور تہمت بہت ہے اور مخالفین کی جانب سے پہلے ہی ڈیل کا فتنہ اور ہنگامہ مچا رکھا تھا اگر امریکا میں علاج کے لئے قیام کرلیتا تو قیامت کھڑی کر دی جاتی جس کی وجہ سے علاج نہیں کرا سکا۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ کراچی میں مزار قائد پر 25 دسمبر کے طے شدہ جلسے تک کسی پروگرام کا ناغہ نہ کیا جائے اور 5 دسمبر کو سرگودھا، 14 دسمبر کو سیالکوٹ اور 21 دسمبر کو مانسہرہ جلسے میں طبیعت کی ناسازی کے باوجود شرکت کروں گا۔


سربراہ عوامی تحریک کا کہنا تھا کہ تکلیف کی تشخیص ہوگئی تھی لیکن جان بوجھ کرعلاج نہیں کراسکا، 25 دسمبر کے جلسے کے بعد اپنا مکمل علاج کراؤں گا اور پھر مارچ اور اپریل میں جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں جلسے کئے جائیں گے۔

Load Next Story