عدنان سمیع کا اپنا وزن 165 کلو کم کرنے کا دعویٰ

وزن کم کرتے ہی مجھے فلم میں کام کی آفر بھی ہو گئی ہے، گلوکار

عدنان سمیع گذ شتہ 15 برس سے بھارت میں رہائش پزیر ہیں. فوٹو: فائل

پاکستان کے نامور گلوکار عدنان سمیع نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں ڈاکٹرز کی مدد کے بغیر ہی اپنا 165 کلو وزن کم کر لیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق عدنان سمیع خان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنا وزن 165 کلو کم کیا ہے اور بہت سے لوگوں کو لگتا ہے کہ میں نے اپنا وزن ڈاکٹروں کے مشوروں اور تعاون سے کم کیا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ میں نے اپنا وزن بغیر کسی کی مدد کے صرف خوراک پر توجہ دے کر خود ہی کم کیا ہے، بہت سے ڈاکٹرز جنہیں میں جانتا بھی نہیں وہ اس بات کا سہرا لینے کی کوشش کر رہے ہیں اور ان میں سے بعض نے تو میری تصاویر کو بطور اشتہار بھی استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔


عدنان سمیع کا کہنا تھا کہ میں نے بغیر چکنائی والی ہائی پروٹین خوراک کو اپنا روزانہ کا معمول بنا کر وزن کم کیا، وزن کم کرتے ہی میری زندگی میں کئی خوشگوار تبدیلیاں رونما ہونا شروع ہو گئی جن میں سے سب سے خوشگوار فلم کی پیش کش تھی۔ میں نے فلم کا اسکرپٹ بھی پسند کر لیا ہے جس میں میرا کردار میوزیکل ہوگا، یہ ایک فن فلم ہوگی جو 2015 میں ریلیز ہو گی۔

واضح رہے کہ عدنان سمیع گذ شتہ 15 برس سے بھارت میں رہائش پزیر ہیں اور انہوں نے کافی عرصے بعد حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم 'کل دل' کے گانے 'سويٹا' میں پس پردہ گلوکاری کر کے فلمی دنیا میں دوبارہ سے انٹری کی ہے۔
Load Next Story