غداری کیس میں لگائے گئے الزامات سیاست زدہ ہیں اورکارروائی بدلہ لینے کیلئے کی جارہی ہے پرویزمشرف

امریکا کی جانب سے اہم دہشت گرد گروپ کے شواہد دیئے جانے کے بعد صرف ایک ڈرون حملے کی اجازت دی تھی، سابق صدر

بھارت کا مخالف نہیں لیکن صرف پاکستان کا مفاد عزیز ہے، پرویز مشرف، فوٹو:فائل

سابق صدر پرویز مشرف کا کہنا ہے کہ غداری کیس میں میرے خلاف الزامات تراشے گئے ہیں اور یہ الزامات پوری طرح سیاست زدہ ہیں کیونکہ یہ کارروائی مجھ سے بدلہ لینے کیلئے کی جارہی ہے۔


برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق صدر پرویز مشرف نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ غداری کیس میں جیت حق اور انصاف کی ہی ہوگی، پاکستان واپسی پر اس طرح کی صورتحال کا سامنا کرنے کا علم تھا لیکن میں نے پاکستان واپسی کے لیے ایک فیصلہ کرلیا تھا ورنہ کبھی نہ آتا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت پر بذات خود یقین رکھتا ہوں لیکن پاکستان میں مغربی جمہوریت نافذ نہیں کی جا سکتی یہاں نظام کو مقامی ماحول کے مطابق بنانا ہوگا کیونکہ آپ اپنی قسم کی جمہوریت ہر جگہ تھوپنا چاہتے ہیں اور یہ قابل عمل نہیں ہے، ہر ملک کے اپنے مسائل ہیں اور اپنے حالات ہیں اور ہر ملک کو اپنے حالات کے مطابق چلنا چاہیے۔

ڈرون حملوں سے متعلق سوال پر سابق صدر کا کہنا تھا کہ میرے زمانے میں صرف 9 ڈرون حملے ہوئے جب کہ امریکا کی جانب سے ہمیں ایک اہم دہشت گرد گروپ کے شواہد دکھائے گئے جس کےبعد صرف ایک ڈرون حملے کی اجازت دی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں بھارت کا مخالف نہیں صرف پاکستان کا مفاد عزیز ہے کیونکہ کوئی بھی بے عزتی اور تذلیل کے بعد اچھے تعلقات کا حامی نہیں ہوگا۔
Load Next Story