کپتان کی من مانی کرکٹ آسٹریلیا کو ایک آنکھ نہ بھائی

ون ڈے اور ٹیسٹ دونوں سے ریٹائرمنٹ کا کوئی پروگرام نہیں،برسبین ٹیسٹ میں کھیلنےکی امیدیں ابھی بھی قائم ہیں، مائیکل کلارک

کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے اس معاملے پر جاری شدہ پریس ریلیز میں بھی سلیکٹرز کی حمایت کی گئی تھی۔ فوٹو:فائل

STOKE:
کپتان مائیکل کلارک کی من مانی کرکٹ آسٹریلیا کو ایک آنکھ نہ بھائی، چیف ایگزیکٹیو جیمز سدرلینڈ نے سلیکٹرز سے اختلاف پر کلارک سے وضاحت طلب کرلی۔

انھوں نے جلدہی دونوں ہی فریقین سے ملاقات کرکے معاملے کی تہہ میں پہنچنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب کلارک نے کہاکہ ون ڈے اور ٹیسٹ دونوں سے ریٹائرمنٹ کا کوئی پروگرام نہیں، برسبین ٹیسٹ میں کھیلنے کی امیدیں ابھی بھی قائم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز سلیکٹرز روڈنی مارش اور مارک وا نے ہیمسٹرنگ انجری سے دوچار کپتان مائیکل کلارک کا نام بھارت سے برسبین ٹیسٹ کیلیے اسکواڈ میں شامل کیا تھا، اسی کے ساتھ انھیں ہدایت دی گئی کہ جمعے کو مہمان سائیڈ سے ایڈیلیڈ میں 2 روزہ ٹور میچ کھیلیں، کلارک کوبدھ کے روز رننگ کا بھی کہا گیا، ساتھ میں واضح کیا گیا کہ اگر انھوں نے ایسا نہیں کیا تو برسبین ٹیسٹ کیلیے عدم دستیاب سمجھا جائے گا۔


دوسری جانب کپتان نے سلیکٹرز کی ہدایات پر عمل سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی فٹنس سڈنی کے ایک گریڈ کلب کی جانب سے ہفتے کو بیٹنگ کرکے ثابت کریں گے۔ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے اس معاملے پر جاری شدہ پریس ریلیز میں بھی سلیکٹرز کی حمایت کی گئی تھی، اب بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو جیمز سدرلینڈز نے واضح کیاکہ انھوں نے کلارک سے اپنے اس موقف کی وضاحت مانگی اور وہ جلد ہی کپتان اور سلیکٹرز سے بات کرکے معاملے کی تہہ تک پہنچیں گے۔

دوسری جانب کلارک نے کہا کہ میرا اگلے 12 ماہ میں ٹیسٹ یا ون ڈے سے ریٹائر ہونے کا کوئی ارادہ نہیں، دونوں فارمیٹس میں زیادہ سے زیادہ عرصے ملک کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں مجھے معلوم ہے جب کوئی کھلاڑی 30 سال سے اوپر کا ہو تو اس کے بارے میں ایسی باتیں شروع ہوجاتی ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ میں برسبین ٹیسٹ کھیلنے کے لیے پُرعزم ہوں لیکن اگر فٹ نہیں ہوپایا تو نائب بریڈ ہیڈن قیادت سنبھالیں گے۔
Load Next Story