کراچی فائرنگ کے واقعات میں 2 افراد ہلاک ایک زخمی

مقتول عبدالوحید کو اغوا کے بعد اور شاہ زین کو سوتے میں فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا

پولیس کو مقتولین کے ورثا کی تلاش، لاشیں سردخانے منتقل، فائرنگ سے 30 سالہ شخص زخمی۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
فائرنگ کے واقعات میں 2 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا، گلشن معمار کے علاقے سرجانی ٹاؤن اور گلشن معمار کے بارڈر پر واقع کرنل فارم ہاؤس کے قریب شورہ ندی کے بیچ میں ایک شخص کی اطلاع پر سرجانی ٹاؤن اور گلشن معمار تھانے کی پولیس موقع پر پہنچ گئی تاہم سرجانی ٹاؤن پولیس نے حدود کا فیصلہ نہ ہونے تک لاش اٹھانے سے انکار کر دیا جبکہ ایس ایچ او گلشن معمار انسپکٹر ذاکر اﷲ نے فوری طور پر مقتول کی لاش پولیس کارروائی کیلیے عباسی شہید اسپتال روانہ کر دی اور حدود کا تنازع پیدا نہیں ہونے دیا۔


انسپکٹر ذاکر اﷲ نے بتایا کہ مقتول کی شناخت اس کی جیب سے ملنے والے شناختی کارڈ سے 38 سالہ عبدالوحید ولد جیندل خال کے نام سے کی گئی، مقتول قمبر شہداد کوٹ ڈسٹرکٹ لاڑکانہ کا رہائشی ہے، مقتول کو اغوا کے بعد بغل میں گولی مار کر قتل کیا گیا، پولیس نے پوسٹ مارٹم اور ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کی آمد تک ایدھی سرد خانے میں رکھوا دی۔

کورنگی ضیا کالونی گلی نمبر9 بنگالی پاڑہ حبیب ہوٹل کے باہر چار پائی پر سوئے ہوئے 24 سالہ شاہ زین کو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اور فرار ہو گئے، مقتول مذکورہ ہوٹل کا ملازم تھا، ورثا کے نہ آنے پر پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش ایدھی سرد خانے منتقل کردی، نارتھ ناظم آباد کے علاقے لنڈی کوتل چورنگی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے30 سالہ شخص زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلیے نجی اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس کے مطابق زخمی شخص کے ہوش میں آنے کے بعد نام اور واقعے کے بارے میں معلوم ہو سکے گا۔
Load Next Story