سورج کی شعاعوں سے بچاؤ کی کریمیں مردوں کی باپ بننے کی صلاحیت کو متاثر کرتی ہیں تحقیق

سورج کی شعاؤں سے بچاؤ کی کریمیں خواتین کے مقابلے میں مردوں کی تولیدی صحت کو متاثرکرتی ہیں، تحقیق

سورج کی شعاعوں سے بچاؤ کی کریمیں مردوں کے باپ بننے کی صلاحیت کو 30 فیصد کم کردیتی ہیں، تحقیق فوٹو:فائل

نئی تحقیق میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ جو مرد سورج کی شعاعوں سے بچاؤ کے لئے کریم کا استعمال کرتے ہیں ان میں باپ بننے کی صلاحیت کم ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔



امریکا کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اور نیویارک کے ویڈزورتھ سینٹر کے سائنس دانوں نے اپنی تحقیق میں اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ سورج کی شعاعوں سے بچانے والی کریموں میں 2 کیمیکل موجود ہوتے ہیں جو مردوں کے باپ بننے کی صلاحیت کو کم کر دیتے ہیں۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ بنزو فینون اقسام کی الٹرا وائلٹ کریم 29 مختلف کیمیکلز سے مل کر بنتی ہیں جو کہ انسانی جلد میں جذب ہو کر ہارمونز اور غدود بنانے والی نالیوں کے ساتھ مل سکتی ہیں۔ وہ مرد حضرات جو سورج کی شعاعوں سے بچنے کے لئے بہت زیادہ کریموں کا استعمال کرتے ہیں ان کے باپ بننے کی صلاحیت میں 30 فیصد کمی واقع ہو جاتی ہے۔


ڈویژن آف انٹر نیشنل پاپولیشن ہیتلھ ریسرچ کے ڈائریکٹر جرمین لوئس کا کہنا تھا کہ تحقیق کے مطابق سورج کی شعاعوں سے بچنے کے لئے کریموں کے استعمال سے خواتین کے مقابلے میں مردوں کی باپ بننے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے، خواتین ان کریموں کا زیادہ استعمال کرتی ہیں تاہم ان کریموں سے ان کے ماں بننے کی صلاحیت متاثر نہیں ہوتی۔ ان کا کہنا تھا کہ جلد انسانی جسم میں سب سے بڑا آرگن ہے اور ہمیں اس کی حفاظت کے لئے ایک کے بجائے مختلف طریقے اپنانے چاہیئں، سورج کی شعاعوں سے بچنے کے لئے کریموں کا استعمال ضروری ہے اور ہم لوگوں کو یہی مشورہ دیں گے کہ وہ جلد کے کینسر سے بچنے کے لئے کریموں کا استعمال کریں لیکن وہ مرد جن کی باپ بننے کی خواہش ہو تو انہیں چاہیئے کہ وہ اپنی جلد سورج کی شعاعوں کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لئے دوسرے طریقے استعمال کریں۔


Load Next Story