دکان میں سلنڈر پھٹنے سے نوجوان جاں بحق پولیس اہلکار سمیت 5 افراد زخمی

دکان مکمل تباہ ہوگئی ،دھماکے کے باعث ہاشو سینٹر میں بھگدڑ مچ گئی، آس پاس موجود دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے

ایئرکنڈیشن اور فریج میں گیس بھرنے والا سلنڈر دھماکے سے پھٹا، حادثے میں شدید زخمی دکان کا مالک ٹانگوں سے معذور ہوگیا۔ فوٹو: ایکسپریس

صدر کے علاقے قائم ہاشو سینٹر میں واقع دکان میں سلنڈر کے دھماکے میں نوجوان جاں بحق اورپولیس اہلکار سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

دھماکا اتنا زور دار تھا کہ دکان مکمل طور پر تباہ ہوگئی،آس پاس موجود دکانوں کے بھی شیشے ٹوٹ گئے اور عمارت میں بھگدڑ مچ گئی، تفصیلات کے مطابق پریڈی تھانے کے علاقے صدر میں واقع رمپا پلازہ سے متصل ہاشو سینٹر کی پہلی منزل پر واقع دکان نمبر 145 میں ایئرکنڈیشن اور فریج میں گیس بھرنے والا سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی ، دھماکے کے نتیجے میں مذکورہ دکان تباہ ہوگئی جبکہ آس پاس موجود دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے،دھماکے کے بعد ہاشو سینٹر میں بھگدڑ بھی مچ گئی۔


دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد شدید زخمی ہوگئے، دھماکے کی اطلاع ملنے پر پولیس ، رینجرز اور رضا کار تنظیموں کے نمائندے جائے وقوع پہنچ گئے اور فوری طور پر امدادی کارروائیوں کا آغاز کرتے ہوئے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کو طلب کر لیا گیا جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ایک زخمی دوران علاج جاں بحق ہوگیا ، ایس ایچ او تھا نہ پریڈی اعجاز خواجہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ جس دکان میں سلنڈر کا دھماکہ ہوا وہ دکان 6 فٹ چوڑی اور 6 فٹ لمبی تھی اور اس دکان میں ایئر کنڈیشن اور فریج صحیح کیے جاتے تھے۔

دھماکے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 22 سالہ عامر ولد حاجی کے نام سے ہوئی ہے اور جاں بحق ہونے والا نوجوان لیاری کمار واڑہ کا رہائشی ہے،سلنڈر دھماکے میں 35 یاسین ولد اسلام الدین، 35 سالہ مدثر ولد نور محمد میمن، 45 سالہ نسیم ولد عطا، محمد حسنین ولد نور محمد اور پریڈی تھانے کا کانسٹیبل فدا حسین ولد مرید حسین زخمی ہوئے ہیں، دھماکے میں زخمی ہونے والے یاسین اور حسنین کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جبکہ زخمی یاسین دنوں ٹانگوں اور مدثر ایک ٹانگ سے معذور ہو گیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ دھماکے میں جاں بحق عامر اور زخمی ہونے والے مدثر اور حسنین دکان کے ملازم تھے اور واقعے میں زخمی ہونے والا نسیم مذکورہ دکان کے سامنے دوسری دکان کا ملازم ہے جبکہ دھماکہ زخمی ہونے والا شخص یاسین دکان کا مالک ہے انھوں نے بتایا کہ پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے اور اگر تفتیش میں کوئی ایسے چیز سامنے آئی جس معلوم ہوسکے کہ واقعہ جان بوجھ کر کیا گیا تو پولیس واقعے کا باقاعدہ مقدمہ درج کر کے تفتیش کریگی، بی ڈی ایس حکام کے مطابق دھماکہ ایئر کنڈیشن اور فریج میں گیس بھر نے والے سلنڈر میں ہوا اور بی ڈی ایس کے نمائندوں کو جائے وقوع سے سلنڈر کے ٹکڑے بھی ملے ہیں جنھیں ایس ایچ او پریڈی کے حوالے کردیا گیا ہے۔
Load Next Story