لاہور کی تاجر تنظیموں نے تحریک انصاف کا احتجاجی پروگرام مسترد کردیا

تمام تاجروزیراعظم اوروزیراعلی پنجاب کے ساتھ ہیں اگرزبردستی دکانیں بند کرائی گئیں تو مزاحمت کریں گے،تاجر رہنما

عمران خان اقتدار کے لئے سب کچھ کر رہے ہیں،تاجر رہنما۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

شہر کی تاجر تنظیموں نے تحریک انصاف کے احتجاجی پروگرام کو مسترد کردیا۔



لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تاجر تنظیموں کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی کسی دھمکی پر ہڑتال ہونے نہیں دیں گے اور اگر زبردستی دکانیں بند کرانے کی کوشش کی گئی تو بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ تاجر رہنماؤں نے کہا کہ کسی صورت لاہور بند ہونے نہیں دیں گے کیوں کہ یہ ہمارا شہر ہے، عمران خان اقتدار کے لئے سب کچھ کر رہے ہیں اور اقتدار کی ہوس کی خاطر وہ ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ ان کا بیرونی ایجنڈا کسی بھی صورت کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا۔


تاجررہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف چاہے کچھ بھی کرلیں تمام تاجر وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کے ساتھ ہیں اور اپنے کاروبار کو کسی صورت بند نہیں کریں گے اور اگر زور زبردستی کی کوشش کی گئی تو تاجر اپنے کاروبار کی حفاظت خود کرنا جانتے ہیں۔

Load Next Story