عمران نیازی کے دھرنے میں جتنے لوگ ہیں اتنے تو فنکار بھی جمع کرلیتے ہیں آصف زرداری
سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عمران نیازی کو اگر حکومت کی پالیسیوں سے اختلاف ہے تو وہ مذاکرات کریں اور ملک کو بند نہ کریں جب کہ ہمارے خطے میں پہلے ہی آگ لگی ہوئی ہے۔
گوجرانولہ میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ایک دم جوش میں آجانے سے تبدیلی نہیں آتی اس کے لئے صبر کرنا ہوتا ہے اور اگر عمران نیازی کو حکومتی پالیسیوں سے اختلاف ہے تو وہ پارلیمنٹ میں آئیں اور مذاکرات کریں کیوں کہ ملک بند کرنے سے عوام کا نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں ملک کی سلامتی کا باعث ہوتی ہیں، خطے میں پہلے ہی آگ لگی ہے اور چنگاری پاکستان میں بھی آسکتی ہے اس لئے بہتر ہوگا کہ تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل کرلئے جائیں۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ میں نے عمران نیازی کو سمجھایا کہ قانون کو مضبوط کریں اور پارلیمان میں بیٹھ کر اپنے مسائل کا حل تلاش کریں، سڑکوں پر بیٹھ کر مسائل کا حل نہیں نکالا جاسکتا، اتنے لوگ تو فنکار بھی جمع کرلیتے ہیں جتنے اسلام آباد دھرنے میں لوگ موجود ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دنیا کے ساتھ اور اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر چلنا ہے اور آج کے بچوں کو کل کا لیڈر بننے کے لئے تیار کرنا ہے جس کے لئے ضروری ہوگا کہ انہیں دھرنوں کی ترغیب دینے کے بجائے میدان عمل میں لایا جائے۔