ایشلے گرین

Twilight کی کام یابی کے بعد ایشلے نوجوان نسل کے پسندیدہ اداکاروں میں شامل ہوگئی تھی

ڈراما سیریز Desire میں ایشلے کو اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کا موقع ملا اور اسی پرفارمنس کی بنیاد پر آئندہ برس اس کی سلور اسکرین تک رسائی ہوئی۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

FAISALABAD:
امریکی ناول نگار اسٹیفنی میئر کے مشہور زمانہ ناول Twilightپر بنائی گئی فلموں نے کئی اداکاروں کو گُم نامی کے اندھیروں سے نکال شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔

ان اداکاروں میں کرسٹن اسٹیورٹ، رابرٹ پیٹنسن اور ٹیلر لاٹنر کے علاوہ یہ حسینہ بھی شامل تھی۔ Twilight سیریز کی پہلی فلم 2008ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس سائنس فکشن اور ہارر فلم کا موضوع ایک لڑکی اور ایک ویمپائر( انسانی خون پر زندہ رہنے والی انسان نما مخلوق) کے درمیان پروان چڑھنے والی محبت تھی۔ Twilight اُس سال کی سب سے کام یاب فلم تھی۔ اس فلم میں ایک کردار Alice Cullen کا تھا۔ اگرچہ یہ رول مرکزی نہیں تھا لیکن جس اداکارہ کو اس کردار کے لیے منتخب کیا گیا تھا اس کی شان دار پرفارمینس نے اس رول کو مرکزی کرداروں جتنا اہم اور مقبول بنا دیا تھا۔

Twilight کے دل دادگان اس اداکارہ سے ایشلے گرین کے نام سے واقف ہوئے۔ Alice کے رول میں زبردست اداکاری پر ایشلے کوکئی ایوارڈز بھی ملے تھے۔ اس سلسلے کی چوتھی فلم Breaking Dawn گذشتہ برس نومبر میں نمایش کے لیے پیش کی گئی تھی۔ Twilight سیریز کی دیگر فلموں کی طرح ناظرین نے اس فلم کو بھی ہاتھوں ہاتھ لیا اور 11کروڑ ڈالر کی لاگت سے تیار ہونے والی اس فلم نے 70کروڑ ڈالر کماکر فلم سازوں کو مالا مال کردیا۔ اس سلسلے کی اگلی فلم نومبر میں ریلیز کی جارہی ہے جو Breaking Dawnکا دوسرا حصہ ہے۔

Twilight کی کام یابی کے بعد ایشلے نوجوان نسل کے پسندیدہ اداکاروں میں شامل ہوگئی تھی۔ اس سلسلے کی دیگر فلموں کی ریلیز کے ساتھ ساتھ ایشلے کی شہرت کا گراف بھی بلند ہوتا چلا گیا اور آج اس کا شمار نوجوان نسل کی مقبول ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ بہترین اداکاری سے کروڑوں لوگوں کو اپنا گرویدہ بنانے والی ایشلے کو ایکٹنگ سے بالکل بھی لگاؤنہیں تھا، بلکہ ہائی اسکول میں حصول تعلیم کے دوران اس نے خود کو ریمپ ماڈل کے روپ میں دیکھنا شروع کردیا تھا۔ وہ ایک ماڈلنگ ایجنسی میں پہنچی اور وہاں اپنی اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ ریمپ ماڈل بننا چاہتی ہے۔

ایجنسی کی انتظامیہ نے اسے جو جواب دیا وہ خاصا مایوس کن بلکہ تکلیف دہ تھا۔ ایشلے کا قد پانچ فٹ چار انچ ہے، ماڈلنگ ایجنسی کے ذمے دار نے اس سے کہا کہ چھوٹے قد کی وجہ سے وہ ریمپ ماڈلنگ کے لیے مناسب نہیں ہے لہٰذا اسے اشتہارات کے لیے ماڈلنگ کرنی چاہیے۔ اس مشورے پر عمل کرتے ہوئے ایشلے نے کمرشیل ماڈل بننے کی ٹھانی لیکن کمرشیل ماڈل کے لیے خوب صورت چہرے کے ساتھ کسی حد تک اداکاری سے واقفیت بھی ضروری ہوتی ہے ، چناں چہ اس نے ایک ادارے میںماڈلنگ کے تربیتی کورس میں داخلہ لیا۔ اس کورس میں ماڈلنگ کے ساتھ ساتھ اداکاری بھی سکھائی جاتی تھی۔

ماڈلنگ کی تریبت کے دوران ایشلے نے محسوس کیا کہ اسے اداکاری سے زیادہ دل چسپی محسوس ہو رہی ہے ۔ ایشلے کے استاد نے بھی اس کی حوصلہ افزائی کی اس میں ماڈل سے زیادہ اداکارہ بننے کی صلاحیت ہے۔ تربیتی کورس کی تکمیل تک ایشلے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے کا مصمم ارادہ کر چکی تھی ۔ اس نے سترہ برس کی عمر میں گریجویشن مکمل کرنے کے بعد فلوریڈا کو خیرباد کیا اور اپنی منزل پانے کا عزم لیے لاس اینجلس آگئی۔


ابتدا میں اس لڑکی کو بے شمار مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن وہ اپنی منزل کی جانب ہر صورت پیش قدم کا فیصلہ کر چکی تھی۔ بالآخر کئی ماہ تک ٹیلنٹ ایجنسیوں کے چکر لگانے کے بعد اسے ڈراما سیریز Punk'd کی ایک قسط میں ایک مختصر رول مل گیا۔ منی اسکرین پر ایشلے کی دوسری پرفارمینس اگلے برس 2006ء میں Madtv کی ایک قسط میں نظرآئی۔Crossing Jordan میں اسے دو اقساط پر مشتمل رول میں سائن کیا گیا جب کہ اسی برس Desireکی سات اقساط میں اسے چھوٹی اسکرین کے ناظرین نے دیکھا۔

Desire میںچوں کہ ایشلے کا رول طویل تھا اس لیے اس ڈراما سیریز میں اسے اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کا موقع ملا ۔ اسی پرفارمینس کی بنیاد پر آئندہ برس اس کی سلور اسکرین تک رسائی ہوگئی۔ اسے King of California میں ایک ثانوی نوعیت کا رول کرنے کی آفرہوئی تھی۔ یہ فلم اگرچہ چھوٹے بجٹ کی تھی اور اس میں ایشلے کا کردار بھی زیادہ اہم نہیں تھا لیکن وہ یہ سوچ کر اس فلم میں اداکاری کرنے پر راضی ہوگئی کہ اس طرح اسے کم از کم بڑے پردے پر متعارف ہونے کا موقع مل رہا تھا ۔

اس فلم میں ایشلے کی پرفارمینس کا کسی نے نوٹس نہیں لیا۔ کچھ عرصے بعد اسے علم ہوا کہ بڑے بجٹ کی فلم Twilight کے لیے آڈیشن لیے جا رہے ہیں ۔ ایشلے نے بھی آڈیشن دینے کا فیصلہ کیا اور یہیں سے اس کے کیریر نے ایک نیا موڑ لیا ۔ اسے Alice کے رول کے لیے منتخب کر لیا گیا اور Twilight کی ریلیز کے بعد وہ گم نامی کے اندھیروں سے نکل کر مقبول اداکاروں کی صف میں شامل ہوگئی۔
ایشلے سخت محنت اور حقیقت سے قریب تر کردار نگاری پر یقین رکھتی ہے۔ چند روز قبل اس نے ایک معروف فلمی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ Breaking Dawn کے دوسرے حصے کی شوٹنگ روزانہ بارہ گھنٹے تک ہوتی تھی اور بعض اوقات اسے شکم سیری کا وقت بھی نہیں ملتا تھا۔ اس کے باوجود وہ بہت دل جمعی سے شوٹنگ میں حصہ لیتی تھی۔

کرسٹن اسٹیورٹ، رابرٹ پیٹنسن اور ٹیلر لاٹنر پرTwilight سیریز کی اس قدر گہری چھاپ لگ چکی ہے کہ ان کے پرستار انھیں دیگر کرداروں میں قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس سیریز کے علاوہ انھوں نے جو بھی فلمیں کیں وہ ناکامی سے دوچار ہوئیں۔ اس بات کو ایشلے نے بہت پہلے محسوس کرلیا تھا کہ اداکار پر کسی مخصوص کردار کی چھاپ کا لگ جانا اس کے کیریر کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔ اس لیے اس نے Twilight سیریزکے ساتھ ساتھ دیگر فلموں میں بھی اداکاری جاری رکھی اور Twilight سیریز سے دور رہتے ہوئے بھی اپنی شناخت بنانے میں کام یاب رہی۔

اس سیریز کی فلموں کا حصہ بننے سے پہلے بھی وہ کئی فلموں میں رول کرچکی تھی لیکن یہ کم بجٹ اور چھوٹے بجٹ کی فلمیں تھیں۔ Alice کے رول میں نمودار ہونے کے بعد ایشلے کو یہ فائدہ ہوا کہ اسے بڑے فلم اسٹوڈیوز کی جانب سے آفرز ہونے لگیں۔ اس نے Skateland، Radio Free Albemuth اور LOL جیسی متنوع فلموں میں خوب صورت اداکاری سے ثابت کیا ہے کہ وہ ہر طرح کی فلموں اور کرداروں کے لیے موزوں ہے۔

اداکاری کے علاوہ ایشلے کو میوزک سے لطف اندوز ہونا بھی پسند ہے جب کہ وہ اسکی انگ، گھڑ سواری اور کتب بینی میں بھی دل چسپی رکھتی ہے۔ اسے فلاحی کاموں سے بھی دل چسپی ہے اور وہ اس نوع کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے۔
Load Next Story