جنوبی وزیرستان میں پاک فوج کی کارروائی میں اہم القاعدہ کمانڈر ساتھی سمیت ہلاک

پاک فوج کی شین ورسک میں کارروائی کے دوران 5 دہشتگرد گرفتارجبکہ ایک جوان شہید اور ایک زخمی ہوگیا، آئی ایس پی آر

اپنی سرزمین پر کسی دہشتگرد کو برداشت نہیں کریں گے اور ان کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، آرمی چیف۔ فوٹو؛فائل

پاک فوج کی جنوبی وزیرستان میں کارروائی کے دوران القاعدہ کا اہم کمانڈرعدنان الشکری جمعہ ساتھی سمیت مارا گیا جب کہ 5 دہشتگردوں کو حراست میں لے لیا گیا۔



آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے جوانوں نے جنوبی وزیرستان کے علاقے شین ورسک میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی جس کے دوران جھڑپ کے نتیجے میں القاعدہ رہنما عدنان الشکری جمعہ اور اس کا ایک ساتھی مارا گیا جب کہ 5 کو حراست میں لے لیا گیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجودہ کا کہنا ہے کہ القاعدہ رہنما شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے بعد حال ہی میں اس علاقے میں آکر ٹھہرا تھا تاہم خفیہ اطلاع پر اسے اور اس کے معاون کو ہلاک کردیا گیا جب کہ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک فوجی شہید جبکہ ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے جسے طبی امداد دی جارہی ہے۔


دوسری جانب آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جوانوں کی جانب سے کامیاب کارروائی کرنے پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اپنی سرزمین پر کسی دہشتگرد کو برداشت نہیں کریں گے اور ان کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔


واضح رہے کہ 15 جون سے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کے دوران 1500 سے زائد دہشتگرد مارے جاچکے ہیں جب کہ پاک فوج نے دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کردیا۔

Load Next Story