پاکستانی ٹیم سیمی فائنل مں پہنچ جائے گی سابق کرکٹرز کو یقین

پاکستان کو بھارت کے مضبوط پوائنٹس کا اندازہ کرنا چاہیے تھا، محسن حسن خان

سابق چیف سلیکٹر محسن حسن خان نے کہا ہے کہ پاکستان بہترین حکمت عملی اورتیاری سے حریف سائیڈ کو شکست دے سکتا ہے۔ فوٹو: فائل

سابق ٹیسٹ کرکٹرز بھارت کے ہاتھوں شکست کے باوجود پُرامید ہیں کہ پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کو ہرا کر ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی۔

سابق چیف سلیکٹر محسن حسن خان کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی سائیڈ میں شین واٹسن اور مائیکل ہسی ہی اسٹار کھلاڑی اور ان کے سواکوئی اور بڑا نام موجود نہیں ہے، بہترین حکمت عملی اورتیاری سے حریف سائیڈ کو شکست دی جا سکتی ہے، یوں فائنل فور میں شمولیت ممکن ہے، انھوں نے کہاکہ جو کھلاڑی ٹیم کے لیے پرفارم نہیں کر رہا اسے باہر کر دینا چاہیے،ایک سوال پر سابق اوپنر نے کہا کہ بھارت کیخلاف میچ میں ٹاس جیت کر خود بیٹنگ کرنے کے بجائے فیلڈنگ کرنی چاہیے تھی۔

کولمبو کی پچ بعد میں بیٹنگ کرنے والی ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتی ہے لیکن پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارتی ٹیم کو فائدہ پہنچا دیا، انھوں نے کہا کہ شاہد آفریدی کو ون ڈائون پربھیج کر وکٹ پر ٹھہرنے کی ہدایت دینی چاہیے تھی، ویسے ان کی جگہ کامران اکمل یا شعیب ملک کو بھیجنا مناسب رہتا۔ چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے کہا کہ اتنے اہم میچ میں کیچ چھوڑنا سب سے بڑی غلطی تھی اس وجہ سے بھارت کو ہدف عبور کر نے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئی، بیٹسمینوں کو دانشمندی سے کھیلنا چاہیے تھا لیکن اکثر غلط شاٹس کھیل کر پویلین واپس لوٹتے رہے۔


انھوں نے امید ظاہر کی کہ منگل کا میچ جیت کر ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنا لے گی، اس کیلیے غلطیوں کو دہرانے سے بچنا ہوگا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز نے کہا کہ روایتی حریف کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ خود کشی کے مترادف تھا،آسٹریلیا کیخلاف کامیابی کیلیے عبدالرزاق اور اسد شفیق کو ٹیم میں شامل کرنا چاہیے،شاہد آفریدی کی اب ٹیم میں کوئی جگہ نہیں بنتی،انھوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم ہدف حاصل کرنے کی ماہر سمجھی جاتی اوراس کے پاس 7 بہترین بیٹسمین ہیں، پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا غلط فیصلہ کیا اور میچ بھارت کو پلیٹ میں رکھ کرپیش کردیا، پورے میچ میں کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کو بھارتی بولر نے آئوٹ نہیں کیا۔

بلکہ وہ خود غیر ضروری شاٹس کھیلتے ہوئے وکٹیں گنواتے رہے، انھوں نے مزید کہا کہ شاہد آفریدی کو تیسرے نمبر پر کھلا کر بیٹنگ آرڈر خراب کیا گیا، عمران نذیر کو فارغ کرکے ناصر جمشید سے اوپننگ کرائی جانی چاہیے، انھوں نے کہا کہ آسٹریلیا کیخلاف پاکستان کو مضبوط حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا پڑے گا،واضح مارجن سے کامیابی کی صورت میں ہی ٹیم سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کرسکتی ہے، سابق پاکستانی کپتان عامرسہیل نے بھی محمد حفیظ کے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کے فیصلے پر تنقید کی۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بھارت کے مضبوط پوائنٹس کا اندازہ کرنا چاہیے تھا، وہ بڑے اہداف کا تعاقب کرنے میں بہتر ٹیم ہے،ایسے میں ہم نے خود پہلے بیٹنگ کیوں کی؟، ہماری پلیئنگ الیون کا انتخاب بھی حریف ٹیم کو ذہن میں رکھ کر نہیں کیاگیا، سابق ٹیسٹ کرکٹر ظہیرعباس نے کہاکہ پاکستانی ٹیم میچ کے آغاز سے ہی دبائو کا شکار دکھائی دی،اہم میچ کیلیے کوئی منصوبہ بندی نظر نہیں آرہی تھی، ٹیم پریشان اور اس کے پاس کوہلی کو روکنے کا کوئی منصوبہ نہیں تھا۔
Load Next Story