سانحہ بلدیہ فیکٹری مالکان ماتحت عدالت میں پیش

تینوں ملزمان کی عبوری ضمانت منظور، ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر و تفتیشی افسر کو نوٹس جاری

تینوں ملزمان کی عبوری ضمانت منظور، ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر و تفتیشی افسر کو نوٹس جاری. فوٹو: فائل

بلدیہ ٹائون فیکٹری آتشزدگی کیس میں ملوث فیکٹری مالکان نے خود کو ماتحت عدالت میں پیش کردیا ہے۔


فاضل عدالت نے تینوں مالکان کی عبوری ضمانت منظور کرلی ہے، دوسری عدالت نے فیکٹری کے جنرل منیجر سمیت6ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے اور مقدمے کا چالان بھی طلب کرلیا ہے، تفصیلات کے مطابق پیر کو بلدیہ ٹائون کی فیکٹری کے مالکان عبدالعزیز، ارشد اور شاہد بھائیلا نے خود کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی عبداﷲ چنہ کے روبرو پیش کیا، فاضل عدالت نے فی کس10لاکھ روپے کی عبوری ضمانت6اکتوبر تک منظور کرلی اور ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر و تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کردیے ہیں، ملزمان کو مقدمے کی تفتیشی افسر سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

قبل ازیں ملزمان نے راولپنڈی ہائی کورٹ بینچ سے یکم اکتوبر تک حفاظتی ضمانت منظور کرائی تھی اور عدالت نے ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا، دوسری جانب جوڈیشل مجسٹریٹ غربی سہیل احمد مشودی نے قتل بل سبب، قتل اور فیکٹری کو آگ لگانے کے الزامات میں گرفتار فیکٹری کے جنرل منیجر منصور احمد، سیکیورٹی گارڈ فضل اﷲ، ارشد، علی محمود، حنیف اور ماجد کو3اکتوبر تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے اور مقدمے کے تفتیشی افسر کو ملزمان کیخلاف مقدمے کا چالان جمع کرانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
Load Next Story