فیصل آباد میں فائرنگ کرنیوالوں کے تانے بانے رانا ثنا اللہ سے جڑتے ہیں شاہ محمود قریشی

سانحہ ماڈل ٹاؤن میں کردار ادا کرنے والے نے وہی کردار فیصل آباد میں ادا کیا، نائب چیرمین پی ٹی آئی

امید ہے کہ 15 دسمبر کو لاہور میں ہونے والے احتجاج سے رانا ثنا اللہ اور عابد شیر علی جیسے لوگوں کو احتجاج سے دور رکھا جائے گا، شاہ محمود قریشی فوٹو: ایکسپریس

تحریک انصاف کے نائب چیرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں فائرنگ کرنے والے ملزمان کے تانے بانے سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ سے جڑتے ہیں اور سانحہ ماڈل ٹاؤن میں کردار ادا کرنے والے نے وہی کردار فیصل آباد میں ادا کیا۔


ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گزشتہ روز کراچی میں ہونے والا ہمارا احتجاج پرامن تھا جس میں اہل کراچی نے رضاکارانہ طور پر تعاون کیا، کل کراچی میں مکمل شٹر ڈاؤن تھا اور لوگوں نے ازخود مارکیٹیں اور دکانیں بند کیں تاہم کاش یہی مظاہرہ فیصل آباد میں بھی دیکھنے میں آتا، وہ احتجاج بھی پرامن تھا لیکن بدقسمتی سے سرکاری کارندوں نے اسے پرتشدد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں فائرنگ کرنے والے ملزمان کے تانے بانے سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ سے جڑتے ہیں اور سانحہ ماڈل ٹاؤن میں اہم کردار ادا کرنے والے نے وہی کردار فیصل آباد میں ادا کیا لیکن واقعے کو 5 روز گزر جانے اور حکومتی دعوؤں کے باوجود کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ عمران خان، اسد عمر اور ان پر مقدمات درج کرائے گئے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 15 دسمبر کو ہمارا لاہور میں ہونے والا احتجاج بھی کراچی کی طرح پرامن ہوگا اور امید ہے کہ اس دن رانا ثنا اللہ اور عابد شیر علی جیسے لوگوں کو احتجاج سے دور رکھا جائے گا اور حکومت اس میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔
Load Next Story