شادی نے زندگی بنا دی

بولی وڈ اسٹارز جو شادی کے بعد مقبول ہوئے

بولی وڈ اسٹارز جو شادی کے بعد مقبول ہوئے ۔ فوٹو : فائل

دنیا بھر میں فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والی سیلیبریٹیز کے لیے ایک چارم پایا جاتا ہے۔

لوگ ان پر مرتے ان کے اسٹائل کو کاپی کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں اور اپنی پسندوناپسند کے لیے بسااوقات ایک دوسرے سے لڑنے جھگڑنے بھی لگتے ہیں۔ فلمی دنیا میں کنوارے اسٹارز کی شہرت زیادہ ہوتی ہے اور وہ شادی شدہ ہیروز یا ہیروئنز کی نسبت زیادہ پسند کیے جاتے ہیں۔ یہ تاثر اب بالکل ختم ہوچکا ہے۔ بولی وڈ میں کئی ایسے نام ور اور کام یاب اسٹارز ہیں جنہوں نے شادی کے بعد شہرت حاصل کی اور ان کی مقبولیت کم ہونے کے بجائے بڑھتی چلی گئی۔ یہ بھی کہا جاسکتا ہے کہ شادی نے ان کے لیے کام یابی اور شہرت کے دروازے کھول دیے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی شادی شدہ زندگی ایک آئیڈیل زندگی تصور کی جاتی ہے۔ بولی وڈ کے ایسے ہی چند اسٹارز کا یہاں ذکر ہے جنہوں نے پہلے شادی کی اور نام بعد میں کمایا۔

٭راج کپور: بولی وڈ کے پہلے شومین کا اعزاز پانے والے اداکار، پروڈیوسر، رائٹر اور ڈائریکٹر راج کپور نے ہر سطح پر اپنی بہترین پرفارمنس کی بدولت بے شمار ایوارڈ حاصل کیے اور وہ سب کچھ پایا جو کوئی بھی فلم انڈسٹری میں رہ کر چاہ سکتا ہے۔ دولت اور شہرت ان پر ہمیشہ مہربان رہی۔ راج کپور نے فلمی دنیا میں اپنے کیریر کا آغاز بطور چائلڈ اسٹار کے کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے چند ایک فلموں میں کام کیا، لیکن ان کے اس وقت ان کے مقدر میں کام یابی کے بجائے ناکامی تھی۔



1940میں راج کپور نے فیملی کے دباؤ کی وجہ سے اپنی کزن کرشنا سے شادی کی، کیوں کہ وہ پہلے اپنا کیریر مضبوط بنانا چاہتے تھے، لیکن ابتدائی فلموں کی ناکامی کے بعد ان کے گھر والوں نے ان کی شادی کا فیصلہ کیا اور ان کی شادی کرادی۔ شادی کے بعد راج کپور کی بطور ہیرو پہلی فلم نیل کمل تھی، جو 1947میں ریلیز ہوئی۔ یہ فلم کام یابی سے ہم کنار ہوئی اور اسی فلم کے ذریعے فلم انڈسٹری میں راج کپور کو بریک ملا اور شہرت اور کام یابی کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔

٭ششی کپور: اپنے بڑے بھائی راج کپور کی طرح ششی کپور نے بھی اپنے فلم کیریر کا آغاز چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر کیا تھا، لیکن ششی کی محبت فلموں سے کم اور تھیٹر سے زیادہ تھی۔ ان کا رحجان زیادہ تر تھیٹر کی جانب تھا۔ برطانیہ میں ششی کپور نے کئی اسٹیج پلے کیے اور وہیں ان کی ملاقات جینیفرکینڈال سے ہوئی اور ان دونوں نے 1958میں شادی کر لی۔ شادی کے بعد ششی کی بطور ہیرو پہلی فلم دھرم پترا تھی، جو کہ 1961کو ریلیز ہوئی اس فلم کی کام یابی کے بعد ششی نے اپنے پورے فلمی کیریر میں 116فلموں میں کام کیا جن میں کئی کام یابی سے ہم کنار ہوئیں۔



٭ڈمپل کپاڈیہ: پارسی گھرانے سے تعلق رکھنے والی اداکارہ ڈمپل کپاڈیہ بچپن ہی سے فلمی ہیروئن بننے کے خواب دیکھا کرتی تھیں اور اس کے لیے انہوں نے بہت کم عمری میں تیاری شروع کردی تھی۔ ڈمپل نے چند فلموں کے لیے اسکرین ٹیسٹ بھی دیے، لیکن ان کو کام یابی نصیب نہیں ہوئی۔ اس وقت راج کپور کو اپنی فلم بوبی کے لیے ہیروئن کی تلاش تھی۔ نیتو سنگھ کے ساتھ ڈمپل نے اس فلم کے لیے آڈیشن دیا لیکن کیوںکہ وہ پہلے بھی ایک دو بار اسکرین ٹیسٹ میں ناکام ہو چکی تھیں، اس لیے انہیں ہر گز یہ امید نہیں تھی کہ وہ اس بار کام یاب ہوجائیں گی۔



راج کپور نے نیتو کے بجائے ڈمپل کا انتخاب کر کے سب کو حیران کردیا۔ خود ڈمپل بھی حیرت زدہ تھیں۔ اس فلم کی ریلیز سے چھے ماہ قبل ڈمپل نے راجیش کھنہ سے صرف سولہ سال کی عمر میں شادی کرلی تھی۔ بوبی باکس آفس پر ایک کام یاب ترین فلم ثابت ہوئی۔ اس فلم کی کام یابی کے بعد ڈمپل پر انڈسٹری کے دروازے کھل گئے اور شہرت اور کام یابیوں کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہو گیا۔

٭انیل کپور: بولی وڈ میں مُنا اور پھر ٹپوری کا ٹائٹل پانے والے انیل کپور کو ایک وقت میں امیتابھ بچن کے بعد بولی وڈ کا دوسرا سپر اسٹار سمجھا جانے لگا تھا۔ انیل کپور کی پہلی فلم ہمارے تمھارے، تھی جس میں ان کا ایک مختصر سا رول تھا۔ یہ فلم 1979میں ریلیز ہوئی تھی۔ بعدازاں انہوں نے 1982میں امیتابھ بچن کی فلم شکتی میں امیتابھ کے بیٹے کا کردار کیا تھا۔ انیل کپور کو شہرت 1983میں ریلیز ہونے والی فلم وہ سات دن سے ملی۔ یہ انیل کی بطور ہیرو پہلی فلم تھی۔


اس فلم کی ریلیز کے بعد انیل نے اپنی فیملی میں کزن سنیتا سے شادی کرلی اور اس کے بعد ان کی ہِٹ ہونے والی فلموں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ انیل اس بات کا اکثر اظہار کرتے ہیں کہ ان کی کام یابی اور شہرت کے پیچھے ان کی بیوی سنیتا کا ہاتھ ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ فلم انڈسٹری میں صحیح کام یابی مجھے سنیتا سے شادی کرکے ہی ملی، جس کے لیے میں اس کا شکر گزار ہوں اگر وہ مجھے نہ ملتی تو شاید میں ابھی تک انڈسٹری میں گم نام ہی رہتا اور کبھی شہرت اور کام یابی حاصل نہ کر پاتا۔



٭عامر خان: بولی وڈ میں چاکلیٹی ہیرو اور پھر مسٹر پرفیکشنسٹ کا خطاب پانے والے عامر کبھی بھی کسی معاملے میں سمجھوتا نہیں کرتے اور ہمیشہ خوب سے خوب تر کی تلاش میں رہتے ہیں۔ عامر نے اپنے فلمی کیریر کا آغاز بطور چائلڈ اسٹار فلم یادوں کی بارات سے کیا تھا۔ اس فلم سے عامر کو کوئی خاص شناخت نہ مل سکی۔ اس کے بعد ان کی پہلی ڈیبیو فلم قیامت سے قیامت تک تھی، جس میں ان کے ساتھ جوہی چاولہ نے ہیروئن کا رول پلے کیا تھا۔ یہ فلم 1988کو ریلیز ہوئی تھی۔

اسی فلم کے ایک گانے ''پاپا کہتے ہیں'' میں عامر کی بیوی رینا دتی بھی نظر آتی ہیں۔ اس فلم نے کام یابی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے تھے۔ عامر نے 1986میں اپنی کلاس فیلو رینادتی سے لومیرج کی تھی۔ یہ شادی عامر کے لیے کام یابی کی کنجی ثابت ہوئی اور انہوں نے اپنے کیریر میں بے تحاشہ کام یابی سمیٹی۔ عامر اپنی بیوی رینا سے محبت کرتے تھے۔ یہ محبت ہی تھی جس کی وجہ سے رینا نے عامر کی پہلی فلم قیامت سے قیامت تک کے ایک گانے میں اپنی مختصر انٹری دی تھی۔ عامر نے رینا کو ہمیشہ اپنے لیے خوش قسمت ہی سمجھا اور اکثر اس بات کا اظہار بھی کرتے رہے کہ رینا ان کے لیے بہت خوش قسمت ثابت ہوئی ہیں۔



شاہ رخ خان: بولی وڈ کے بادشاہ خان یعنی شاہ رخ خان نے پہلی بار کام یابی کا مزہ 1992کو ریلیز ہونے والی فلم دیوانہ سے چکھا، حالاںکہ وہ اس سے پہلے اپنے ایکٹنگ کیریر کا آغاز ٹیلی ویژن سے فوجی نامی سیریل سے کر چکے تھے، جس سے انہیں تھوڑی بہت شناخت تو ملی مگر مقبولیت نہ مل سکی اس کے بعد شاہ رخ نے ہیمامالنی کی فلم دل آشنا میں دیویا بھارتی کے ساتھ ایک سائڈ رول بھی کیا۔ یہ کردار بھی کنگ خان کو شناخت دینے میں ناکام رہا۔ یش راج بینر کی فلم دیوانہ میں ایک جنونی اور شدت پسند عاشق کے رول نے فلم کو کام یابی سے ہم کنار کیا اور اسی فلم پر شاہ رخ کو بہترین نئے آرٹسٹ کا فلم فیئر ایوارڈ بھی ملا دیوانہ کی ریلیز سے ایک سال پہلے شاہ رخ 1991میں اپنی گرل فرینڈ گوری کے ساتھ شادی کرچکے تھے۔ اسی لیے ان کا کہنا ہے کہ گوری سے شادی کرنے کے بعد جو کچھ انہیں مل چکا ہے۔ اس کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتے تھے وہ گوری کو اپنے لیے لکی بیوی سمجھتے ہیں۔



٭سیف علی خان: سیف نے فلم انڈسٹری میں آنے کے چند سال بعد ہی امرتا سنگھ سے شادی کرلی تھی۔ اس وقت ان کے کیریر پر کوئی ہٹ فلم نہ تھی اور سب ہی کا خیال تھا کہ سیف ایک اچھا کامیڈین تو بن سکتا ہے مگر ایک کام یاب اداکار نہیں بن سکتا۔ امرتا اس وقت کام یاب کیریر گزار رہی تھی سیف اور امرتا کی شادی ہر ایک کے لیے ایک شاکنگ اور بریکنگ نیوز کیوںکہ دونوں ہی میں مذہب کے ساتھ ساتھ عمروں کا بھی واضح فرق موجود تھا۔ سیف کی پہلی ہٹ فلم عاشق آوارہ تھی جو کہ 1993کو ریلیز ہو ئی تھی، جب کہ امرتا سے شادی 1991میں ہوئی تھی۔ اس لیے یہ بات یقینی طور پر کہی جاسکتی ہے کہ امرتا کے ساتھ شادی کے بعد سیف پر نہ صرف فلم انڈسٹری کے بل کہ مقبولیت اور شہر ت کے دروازے بھی کھل گئے۔ آج سیف کا شمار بولی وڈ کے منجھے ہو ئے اداکاروں میں ہوتا ہے۔



٭ارجن رام پال: ارجن رام پال نے اپنا کیریر بطور ماڈل شروع کیا تھا۔ وہ بین الاقوامی سطح پر ایک کام یاب ماڈل تصور کیے جاتے تھے۔ اسی کام یابی کو لے کر انہوں نے فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا، لیکن ویورز نے انہیں مسترد کردیا تھا۔ ارجن کی پہلی ہٹ فلم پیار، عشق اور محبت تھی جو کہ 2001 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم کی کام یابی نے ارجن کو اعتماد دیا اور ان پر بولی وڈ میں مقبولیت اور شہرت کے دروازے کھلتے چلے گئے۔ ارجن اپنی کام یابی کا سہرا اپنی بیوی سابق مس انڈیا اور سپرماڈل مہر جیسا کو دیتے ہیں۔ مہر سے ارجن کی شادی 1998میں ہوئی تھی۔ ارجن اور مہر کام یاب ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں اور ان کی دو پیاری پیاری بیٹیاں بھی ہیں۔



٭چترنگدا سنگھ: بہت کم بولی وڈ ہیروئنز ایسی ہیں جو شادی کرنے کے بعد فلموں میں آئی اور ہٹ ہوگئیں۔ چترا کا شمار ایسی ہی ہیروئنوں میں کیا جاتا ہے۔ 2003 میں ریلیز ہونے والی فلم ہزاروں خواہشیں میں چترا کے آئٹم سونگ نے انہیں راتوں رات مقبولیت دے ڈالی۔ چترا نے یہ بات ثابت کردی کہ شادی شدہ عورت ایک کام یاب اور مقبول ہیروئن نہیں بن سکتی۔ چترا نے 2001 میں گولف کے کھلاڑی جیوتی سنگھ سے شادی کرلی تھی اور اس کے بعد انہوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا تھا۔
Load Next Story