دہشت گردوں نے قوم کے دل پر حملہ کیا ہے ان کے خاتمے تک پیچھا کریں گے آرمی چیف

اسکول پر کئے جانے والے حملے سے ثابت ہوا کہ دہشتگرد صرف پاکستان کے نہیں بلکہ انسانیت کے بھی دشمن ہیں،جنرل راحیل شریف

اسکول پر کئے جانے والے حملے سے ثابت ہوا کہ دہشتگرد صرف پاکستان کے نہیں بلکہ انسانیت کے بھی دشمن ہیں،سربراہ پاک فوج فوٹو: فائل

لاہور:

پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے قوم کے دل پر حملہ کیا ہے لیکن وحشی درندوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے تک ان کا پیچھا کریں گے۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ آج اسکول پر کئے جانے والے حملے سے ثابت ہوا کہ دہشت گرد صرف پاکستان کے ہی نہیں بلکہ انسانیت کے بھی دشمن ہیں جس سے دہشت گردوں کے عزائم سامنے آگئے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کا واقعہ نہایت افسوسناک ہے کیوں کہ دہشت گردوں نے قوم کے دل پر حملہ کیا۔

اس سے قبل کوئٹہ میں بلوچستان ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان قومی یکجہتی کی علامت ہے اور بلوچستان کے بہادر بیٹے مادر وطن کی حفاظت کے لئے تیار ہیں جب کہ صوبے کے جوانوں کو فوج میں بطور افسر تعینات کیا گیا اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، بلوچستان کا ہرشہری پاکستان کی شان اور ہمارے لئے فخر ہے جب کہ فوج کو صوبے کے نوجوانوں کی ضرورت ہے۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاک فوج میں صوبے کی تمام زبانوں کے بولنے والوں کی نمائندگی ہے اور وہ دن دور نہیں جب نفرت کے بیج بونے اور دہشت کو استعمال کرنے والے اپنے انجام کو پہنچیں گے۔


آرمی چیف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان نہ صرف امن کا گہوارا بلکہ ترقی و خوشحالی کی مثال بنے گا، اللہ نے صوبے کو بہترین صلاحیتوں اور معدنی وسائل سے نوازا ہے اور یہ امر خوش آئند ہے کہ صوبائی حکومت بلوچستان کی ترقی کے لئے ہر ممکن کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی جانب سے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جو ایک لاکھ لوگوں کو روزگار فراہم کر رہے ہیں، پاک فوج نے 700 کلو میٹر سڑک پر کام مکمل کرلیا جب کہ 500 کلومیٹر پر کام جاری ہے اور اسی طرح دور دراز علاقوں میں پاک فوج کے طبی کیمپ کام کر رہے ہیں، ضلع کوہلو اور سوئی میں اسپتال بھی قائم کئے گئے ہیں۔

Load Next Story