کسٹمز نے آلو کی برآمد پر لاکھوں روپے کی ڈیوٹی چوری پکڑلی

2 ایکسپورٹرز کی غلط پی سی ٹی درج کرکے 25 فیصد آر ڈی بچانے کی کوشش

12 لاکھ 80 ہزار کی ڈیوٹی چوری ایکسپورٹ کلکٹریٹ کراچی نے پکڑی، ذرائع فوٹو: فائل

MULTAN:
محکمہ کسٹمز ایکسپورٹ کلکٹریٹ کراچی نے آلو کی برآمدپر لاکھوں روپے مالیت کی ریگولیٹری ڈیوٹی چوری پکڑلی۔

ذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ برآمد کنندہ کمپنیوں روشن انٹرپرائزز اور ''او۔ کے۔ انٹرپرائزز'' کی جانب سے کسٹمز ڈپارٹمنٹ میں داخل کیے جانیوالے گڈزڈیکلریشن فارم میں آلو برآمد کرنے کے لیے پاکستان کسٹمز ٹیرف (پی سی ٹی) 0701-1000 کا غلط استعمال کیا گیا جس کے تحت آلوکے کنسائنمنٹس کی کلیئرنس محکمہ کسٹمز کی وی بوک کلیئرنس سسٹم میں گرین چینل کے ذریعے ممکن ہوئی۔


ذرائع نے بتایا کہ ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ ایکسپورٹ نے شک کی بنا پرمذکورہ برآمد کنندہ کمپنیوں کی جانب سے برآمد کرنے کی غرض سے آلو کے مذکورہ کنسائنمنٹس کی کسٹمزایگزامنیشن کی گئی تو انکشاف ہوا کہ آلو کے کنسائنمنٹس کی درست پی سی ٹی 0701-9000 ہے جس کے تحت مذکورہ کنسائنمنٹس پر 25 فیصد ریگولیٹری عائد ہوتی ہے لیکن مذکورہ برآمدکنندگان کی جانب سے پی سی ٹی 0701-1000 کااستعمال کرکے ریگولیٹری ڈیوٹی بچانے کی کوشش کی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ برآمدکنندگان روشن انٹرپرائزز اور او کے انٹرپرائزز نے آلو کے کنسائنمنٹس کی کلیئرنس پر غلط پی سی ٹی کا استعمال کرتے ہوئے پر 7 لاکھ 2 ہزار روپے کی ڈیوٹی چوری کرنے کی کوشش کی۔ ذرائع نے بتایا کہ روشن انٹرپرائزز کی جانب سے غلط پی سی ٹی کا استعمال کرتے ہوئے آلو کے 4 کنسائنمنٹس برآمد کیے جاچکے ہیں جس میں 5 لاکھ 78 ہزارکی ریگولیٹری ڈیوٹی کی چوری کی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ دونوں برآمد کنندگان نے آلو کی برآمد پر مجموعی طور پر 12 لاکھ 80 ہزار کی ریگولیٹری ڈیوٹی چوری کی، ایکسپورٹ کلکٹریٹ نے روشن انٹرپرائزز اوراو کے انٹرپرائزز کی جانب سے غلط پی سی ٹی کا استعمال کرنے پر کنٹراونشن کیس درج کر لیا گیا ہے جس کے تحت برآمد کنندگان پر ریگولیٹری ڈیوٹی کی وصولی کے ساتھ فائن اور پلنٹی بھی عائد کی جائیگی۔
Load Next Story