’’سانحہ پشاور سے دل ٹوٹ گیا یہ ماتم کے ساتھ سوچنے کا بھی وقت ہے‘‘

سب سے چھوٹے تابوت سب سے بھاری بھی ہوتے ہیں، یہ نفرت انگیز لوگوں کی بزدلانہ حرکت ہے، ماہرہ، گہرے صدمے میں ہوں، فواد

بچوں کو مارنے والوں سے بے انتہا نفرت ہے، شاہ رخ، بہت تکلیف دہ دن ہے، فرحان اختر، مستقبل کو مارنا اللہ نے نہیں سکھایا، شفقت امانت فوٹو : فائل

بالی ووڈ کے فلمی ستاروں کی طرف سے پشاور میں اسکول پر طالبان کے حملے میں بچوں کی ہلاکت پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

کئی اداکاروں نے اپنے رد عمل میں اس بہیمانہ واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے طلباء کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں اداکار شاہ رخ حان نے لکھا ''مجھے لگتا ہے کہ بچوں کے ساتھ رہنے سے ہمارے دلوں کو امن و شانتی حاصل ہوتی ہے اور ایسے لوگوں کے لیے میرے دل میں بے انتہا نفرت ہے جو امن کے ان سفیروں پر حملہ کرتے ہیں، بچوں سے ہی روح کو تسکین ملتی ہے اور ان لوگوں سے شدید نفرت محسوس ہورہی ہے جنہوں نے ہمارا مستقبل ، ہمارے بچے اور ہمارے دل کا سکون چھین لیا''۔


بالی ووڈ کے معروف نغمہ نگار پروسن جوشی نے اپنے صدمے کا اظہار اپنی نظم سے کیا ہے جس میں وہ لکھتی ہیں ''اس واقعے پر تو آسمان کو بھی زور سے رونا چاہیے اور تہذیبوں کی گردنیں بھی شرم سے جھک جانی چاہیں' یہ ماتم کا وقت تو ہے لیکن سوچنے کا بھی وقت آگیا ہے''۔ اداکار اور ہدایت کار جاوید اختر کے بیٹے فرحان اختر نے بھی اس واقعے پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا ''میرا دل ٹوٹ گیا ہے' یہ بہت تکلیف دہ دن ہے، خدا سبھی کو ہمت دے''۔

پاکستانی اداکار فواد خان نے لکھا ''میں گہرے غم اور صدمے میں ہوں' معصوم بچوں کا قتل عام وحشی پن ہے' میری دعائیں ان بچوں کے ماں باپ کے ساتھ ہیں''۔ پاکستانی فنکار ماہرہ خان نے اپنے رد عمل میں لکھا ''سب سے چھوٹے تابوت سب بھاری بھی ہوتے ہیں' یہ نفرت انگیز لوگوں کی بزدلانہ حرکت ہے''۔ پاکستانی گلوکار شفقت امانت علی کا کہنا تھا ''دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا' ان لوگوں نے یہ ثابت کر دیا کہ اللہ ان کی طرف نہیں ہے کیونکہ دنیا کے مستقبل کو مارنا اللہ نے نہیں سکھایا''۔ دیا مرزا نے کہا یہ ہولناک صورتحال ہے۔ بپاشا باسو نے کہا میں نہیں جانتی کہ کوئی انسان کس طرح دہشت گرد بن جاتا ہے اور بچوں کو دنیا کو دہشت زدہ کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔
Load Next Story