وزارت داخلہ نے سزائے موت کے منتظر 15 قیدیوں کی رحم کی اپیلیں وزیراعظم آفس کو بھیج دیں

4 قیدی کراچی سنٹرل جیل،2 لاہور، 2 سیالکوٹ،3 مچھ جبکہ بہاولپور اورشاہ پور کی جیلوں میں ایک ایک قیدی موجود ہیں

قیدیوں کی رحم کی اپیلیں وزیراعظم آفس کو موصول ہونے کے بعد انہیں ایڈوائس کے ساتھ ایوان صدر بھیجا جائے گا، ذرائع

وزارت داخلہ نے سزائے موت کے منتظر 15 قیدیوں کی رحم کی اپیلیں وزیراعظم آفس کو ارسال کردی ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت داخلہ نے چاروں صوبائی محکمہ داخلہ سے مشاورت کےبعد سزائے موت کے منتظر 15 قیدیوں کی رحم کی اپیلیں وزیراعظم آفس کو ارسال کردی ہیں۔ ذرائع کے مطابق جن قیدیوں کی اپیلیں وزیراعظم آفس کو ارسال کی گئی ہیں ان میں سے 4 قیدی کراچی سنٹرل جیل،2 لاہور، 2 سیالکوٹ،3 مچھ جبکہ بہاولپور اورشاہ پور کی جیلوں میں ایک ایک قیدی موجود ہیں۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ جن قیدیوں کی رحم کی اپیلیں وزیراعظم آفس کو بھیجی گئی ہیں ان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے سیکشن 7 کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے اور انہیں اسی کے تحت سزائے موت سنائی گئی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ قیدیوں کی رحم کی اپیلیں وزیراعظم آفس کو موصول ہونے کے بعد انہیں ایڈوائس کے ساتھ ایوان صدر بھیجا جائے گا جہاں صدر مملکت ان اپیلوں کو منظور یا مسترد کرنے کا فیصلہ کریں گے۔

واضح رہے کہ ملک میں سزائے موت کی بحالی کے بعد سزائے موت کے منتظر قیدیوں کی سزا پر عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے جس کےتحت 2 مجرموں ڈاکٹر عقیل اور ارشد مہربان کو سزائے موت دی جاچکی ہے جبکہ دیگر مجرموں کو بھی ان کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
Load Next Story