کرپٹ مافیا عدلیہ اور میڈیا کو آزاد نہیں رہنے دیگا عمران خان

اسمبلی میں بیٹھے ہوئے لوگوں نے توہین عدالت کا شرمناک بل منظورکیا،کراچی بار میں خطاب

کراچی:عمران خان ایم اے جناح روڈ پر وکلا کی جانب سے نکالی گئی ریلی میں شریک ہیں۔ فوٹو/ایکسپریس

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ صدر زرداری کو4سال کیلیے اگر امریکا کا صدر بنا دیا جائے توامریکا بھی بینک کرپٹ ہو جائے گا، اسمبلی میں بیٹھے ہوئے لوگوں نے توہین عدالت کا شرمناک بل منظورکیا اور اپنی کرپشن چھپانے کے لیے کرپٹ وزیراعظم کو منتخب کروایا کرپٹ مافیا آزاد عدلیہ اور میڈیا کوآزاد نہیں رہنے دے گا۔

وہ جمعرات کو کراچی بار ایسوسی ایشن کے شہدائے پنجاب ہال میں وکلا سے خطاب کررہے تھے،کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر محمودالحسن اور جنرل سیکریٹری خالد ممتاز نے کراچی بار آمد پر عمران خان کو خوش آمدید کہا، عمران خان نے کہا کہ توہین عدالت کے بل کی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پیش ہونے کے بعد ظالم حکمرانوں کی شکلیں نمایاں ہوگئی ہیں،آج اگر امریکا پاکستان کو ٹشوپیپر کے طور پر استعمال کرتا ہے تو ملک کے حکمران طبقے میں شامل میر جعفر اور میر صادق کی وجہ سے یہ ممکن ہوا ہے،


انھوں نے کہا کہ فصیح بخاری نے خود کہا ہے کہ پاکستان میں روزانہ8ارب روپے کی چوری ہوتی ہے جبکہ ریلوے پی آئی اے اسٹیل مل میں سالانہ 400ارب روپے قوم کے چوری کرلیے جاتے ہیں جو صدر اور وزیراعظم کی آشیرباد کے بغیر ممکن نہیں ہے ،انھوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے مجھے وزیراعظم بننے کی پیشکش کی تھی جو میں نے ٹھکرا دی تھی، بعد ازاں وکلابرادری سے اظہار یکجہتی کے لیے عمران خان نے وکلا کے ہمراہ ایم اے جناح روڈ تک مارچ کیا اور دھرنا دیا۔ علاوہ ازیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ایم کیو ایم سمیت کسی بھی حکومتی جماعت سے اتحاد نہیں کریں گے جبکہ سابق صدر مشرف کی پارٹی سے اتحاد کا مطلب اپنے اوپر خودکش حملہ کروانا ہے،

انھوں نے کہا کہ توہین عدالت کا قانون پاکستانی عوام کی توہین ہے ،انھوں نے کہا کہ کوئی حکومت جانے سے جمہوریت تباہ نہیں ہوگی تاہم اگر سپریم کورٹ کو کچھ ہوا تو جمہوریت کو خطرہ ضرور ہے اس لیے تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر موجودہ کرپٹ حکمرانوں نے سپریم کورٹ کو تباہ کرنے کی کوشش کی تو اسلام آباد کی جانب ایسا سونامی اٹھایا جائے گا جو حکمرانوں کو اپنے گھر بھیج کر ہی دم لے گا، انھوں نے کہا کہ میمو گیٹ کیس میں حسین حقانی کی پاکستان سے غداری ثابت ہوئی ہے اور یہ بھی دہری شہریت کا حامل تھا،انھوں نے کہا کہ کراچی سے 17 لاکھ ووٹرز کے نام ووٹر لسٹوں سے غائب کردیے گئے ہیں جس پر ہماری پارٹی کی صوبائی قیادت الیکشن کمیشن سے رابطے میں لگی ہوئی ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story