قومی کرکٹ ٹیم ون ڈے فارمیٹ میں مضبوط نہیں چیرمین پی سی بی کا اعتراف

پاکستان اوربھارت کے درمیان معاملات جیسے بھی رہے ہوں لیکن دونوں ممالک کے بورڈز کےتعلقات ہمیشہ بہتر رہے،چیرمین پی سی بی

بھارت میں ہاکی اور کبڈی کے کھلاڑیوں کے ساتھ جو ہوا وہ نہیں ہونا چاہئے تھا ،شہریار خان، فوٹو: فائل

KARACHI:
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان کہتے ہیں کہ ون ڈے فارمیٹ میں ہماری ٹیم مضبوط نہیں مگر اس کے باوجود انہیں یقین ہے کہ ورلڈ کپ میں بڑی ٹیموں کے خلاف ہماری کارکردگی بہتر ہوگی۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیرمین پی سی بی کا کہنا تھاکہ قومی کرکٹ ٹیم ایک روزہ فارمیٹ میں بہت کمزور ہے،ورلڈ کپ کی تیاری کے لئے قومی ٹیم بہت پہلے ہی وہاں پہنچ جائے گی اور میگا ایونٹ سے قبل ناصرف بھرپور پریکٹس کرے گی بلکہ نیوزی لینڈ کے خلاف 3 میچوں پر مشتمل ایک سیریز بھی کھیلے گی، ورلڈ کپ میں بہتر کارکردگی کے مظاہرے کے لئے وہ چاہتے ہیں کہ سعید اجمل اور محمد حفیظ پر عائد پابندی کو جلد از جلد ختم کرایا جائے، اس سلسلے میں دونوں کھلاڑیوں کو بھارت کے شہر چنئی میں غیر سرکاری طور پر بائیومیکنک ٹیسٹ کے لئے بھیجا جارہا ہے جہااں سے کلیئرنس کے بعد آئی سی سی سے باضابطہ طور پر رابطہ کیا جائے گا۔


چیرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں میں مصباح الحق واحد ہیں جو ان فٹ نہیں ہوئے، مصباح الحق ورلڈ کپ میں ضرور کھیلیں گے اور ٹیم کی قیادت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی بہت بڑے کھلاڑی ہیں اور انہوں نے ملک کے لئے بڑی خدمات سرانجام دی ہیں جب کہ ریٹائرمنٹ کے حوالے سے فیصلہ ان کا اپنا ہے۔

شہریار خان نے کہا کہ ماضی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان معاملات جیسے بھی رہے ہوں دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان تعلقات ہمیشہ بہتر ہی رہے، مسئلہ وہاں کی عوام کا ہے کیونکہ جب بھی کوئی مسئلہ ہوتا ہے تو وہاں کے عوام نالاں ہوجاتے ہیں، سیکیورٹی خدشات کے باعث وہاں کی انتظامیہ پاکستانی کھلاڑیوں کو لینے سے معذرت کرلیتی ہے،لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ بھارت میں ہاکی اور کبڈی کے کھلاڑیوں کے ساتھ جو ہوا وہ نہیں ہونا چاہئے تھا۔
Load Next Story