بھارتی کرکٹرزبچوں کی طرح ایک دوسرے سے لڑنے لگے

کوہلی زبردستی میدان میں اتارنے پر برہم،دھون جعلی انجری کے الزام پر آگ بگولہ

کوہلی زبردستی میدان میں اتارنے پر برہم،دھون جعلی انجری کے الزام پر آگ بگولہ فوٹو :فائل

بھارتی کرکٹرز بچوں کی طرح ایک دوسرے سے لڑنے لگے،برسبین ٹیسٹ کی چوتھی صبح ڈریسنگ روم میں شیکھر دھون اور ویرات کوہلی میں جھگڑے کا انکشاف ہوا ہے، نائب کپتان، اوپنر کی جگہ زبردستی میدان میں اتارے جانے پر شدید برہم ہوئے، شیکھر دھون بھی جعلی انجری کے الزام پر آگ بگولہ ہوگئے ۔ کھلاڑیوں کے تاخیر سے اسٹیڈیم پہنچنے کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے۔


تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا سے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز بھارت نے اوور نائٹ بیٹسمین شیکھر دھون کے بجائے ویرات کوہلی کو میدان میں اتارا جو صرف ایک رن پر آؤٹ ہوگئے، اس وقت مچل جونسن نے اپنے خطرناک اسپیل میں 11 گیندوں کے دوران تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ شیکھر دھون کو میچ سے قبل پریکٹس کے دوران بازو پر گیند لگی تھی، مضبوط پوزیشن کے باوجود چوتھے ہی روز مقابلہ ہارنے کی وجہ مہندرا سنگھ دھونی نے ناقص پریکٹس وکٹ کو قرار دیا تھا، جس کی وجہ سے شیکھر دھون انجرڈ ہوئے اور ڈریسنگ روم کا ماحول بگڑا، مگر اب معلوم ہوا ہے کہ معاملہ ناقص پچ سے نہیں بلکہ ویرات کوہلی اور شیکھر دھون کے درمیان جھگڑے سے خراب ہوا تھا۔

شیکھر دھون نے کلائی میں تکلیف کا دعویٰ کرکے صبح سویرے مچل جونسن کا سامنا کرنے سے انکار کردیا،اس پر کھیل شروع ہونے سے صرف 7 منٹ قبل ویرات کوہلی سے کہا گیا کہ وہ بیٹنگ کے لیے جائیں تو وہ غصے میں آگئے، وہ ٹیم مینجمنٹ کے مجبور کرنے پر وکٹ پر گئے ضرور مگر صرف ایک رن پر آؤٹ ہوکر واپس لوٹ آئے، انھوں نے اپنی وکٹ کھونے کا ذمہ دار شیکھر دھون کو قرار دے دیا جس پر وہ بھی بھڑک اٹھے انھوں نے کہا کہ میں ملک کے لیے کھیلنے پر فخر کرتا اور میری انجری بناوٹی نہیں ہے۔بعد ازاں سیکھر دھون ساتویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے گئے اور 81 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ دوسری جانب بھارتی ٹیم آفیشلز نے یہ بات تسلیم کی کہ کھلاڑی برسبین ٹیسٹ کے چوتھے روز تاخیر سے گابا پہنچے تھے تاہم اس بات کو مسترد کیا کہ ان میں ایشانت شرما اور ورون ارون شامل تھے۔
Load Next Story