دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے فوجی عدالتوں کے سوا کوئی راستہ نہیں سراج الحق

ملک کی تمام جماعتوں کو فوجی عدالتوں پر تحفظات تھے اس لئے ان کی مدت 2 برس رکھی گئی ہے، امیر جماعت اسلامی

2015 پاکستان میں امن کا سال ہوگا۔، سراج الحق فوٹو: فائل

لاہور:
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کہتے ہیں کہ دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے فوجی عدالتوں کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا۔


پشاورمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پشاورکے شہریوں نے بہت قربانیاں دی ہیں یہاں تابوتوں اور کفن کا کاروبارعروج پر ہے لیکن سانحہ پشاور نے پوری دنیا میں انسانیت کو ہلاکر رکھ دیا ہے۔ شہید بچوں کے خون کی خوشبو آج بھی محسوس کررہے ہیں۔ اسکول کےسانحے پر ہر پاکستانی پریشان اور افسردہ ہے، اللہ تعالیٰ سب کو ایسے دن سے بچائے ان کی دعا ہے کہ یہ واقعہ آخری ہو، اب مل کر ایک اسلامی پاکستان بنانے کا وقت آگیا ہے اور انشا اللہ 2015 پاکستان میں امن کا سال ہوگا۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ فوجی عدالتیں عبوری حل ہے جس میں ملزم کو صفائی کا پورا موقع فراہم کیا جائے گا۔ فوجی عدالتوں کے قیام کا فیصلہ انتہائی مجبوری میں کیا گیا ہے، ملک کی تمام جماعتوں کو فوجی عدالتوں پر تحفظات تھے اس لئے ان کی مدت 2 برس رکھی گئی ہے۔
Load Next Story