سونی پکچرز نے متنازعہ فلم ’’دی انٹرویو‘‘ سینما اور آن لائن پر ایک ساتھ ریلیز کردی
امریکا اور شمالی کوریا کے تعلقات میں مزید بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سائبر حملوں کے منڈلاتے بادل میں سونی پکچرز نے متنازعہ فلم ''دی انٹرویو'' آن لائن اور سینما پر ایک ساتھ ریلیز کرکے ہالی ووڈ کی نئی تاریخ رقم کردی ہے۔
سونی پکچرز کی جانب سے شمالی کوریا کے رہنما کم چونگ ان پر بنائی جانی والی مزاحیہ فلم 'دی انٹرویو' سینماؤں اور آن لائن ریلیز کردی گئی ہے اس طرح یہ ہالی ووڈ کی تاریخ میں پہلی فلم بن گئی ہے جو نہ صرف سینماؤں بلکہ آن لائن بھی دیکھی جاسکتی ہے جب کہ کرسمس کے موقع پر 300 سینماؤں پر فلم بین اس کو دیکھ کر لطف اندوز ہوسکیں گے، اگرچہ ہالی ووڈ کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ فلم سینما اورآن لائن ایک ساتھ ریلیز کی گئی ہو تاہم سینما مالکان نے فلم کی ایک ساتھ ریلیز کی مخالفت کی ہے۔
واضح رہے کہ ''دی انٹرویو'' کو کچھ عرصے قبل ریلیز ہونا تھا لیکن سونی پکچرز کی ویب سائٹ کو ہیکرز نے ہیک کر لیا تھا جب کہ امریکی ایف بی آئی نے تحقیقات کے بعد الزام عائد کیا تھا کہ ہیکرز کا تعلق شمالی کوریا سے ہے تاہم کچھ سائبر سیکورٹی ماہرین کا کہنا تھا کہ یہ واضح نہیں کہ ہیکرز کا تعلق کہاں سے ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر براک اوباما نے بھی شمالی کوریا پر الزام عائد کیا تھا تاہم شمالی کوریا نے اسے مسترد کرتے ہوئے امریکا کو حملے کی دھمکی دے ڈالی تھی جب کہ ہیکرز نے بھی خبردار کیا تھا کہ اگر سونی پکچرز نے فلم ریلیز کی تو سینماؤں پرحملے کئے جائیں گے۔