آؤ پڑھاؤ ٹنڈوجام زرعی یونیورسٹی میں اساتذہ کے اعزاز میں تقریب

150 سے زائد اساتذہ کو آؤ پڑھاؤ ایوارڈز دیے گئے، کھیلوں کے سہ روزہ مقابلوں کا بھی آغاز

حیدرآباد، ’’آؤ پڑھاؤ مہم‘‘ کے سلسلے میں ٹنڈوجام میں منعقدہ تقریب میں شریک اساتذہ و طلبا کا گروپ۔ فوٹو: ایکسپریس

ایکسپریس میڈیا گروپ کی جانب سے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں جاری آؤ پڑھاؤ مہم کے سلسلے میں اندرون سندھ کی سادہ مگر پروقار تقریب زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں منعقد ہوئی، جس میں اساتذہ کو ان کی خدمات کے صلے میں ایوارڈز دیے گئے جبکہ 3 روز تک جاری رہنے والے کھیلوں کے مقابلوں کا بھی آغاز ہوگیا۔

سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں آؤ پڑھاؤ مہم کی تقریب میں سانحہ پشاور کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے شرکا نے ایک منٹ تک خاموشی اختیار کی۔ تقریب میں مہمان خصوصی ایکسپریس میڈیا گروپ کی سینئر مینجر زارا نشاط نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آؤ پڑھاؤ مہم کی اس تقریب کے مہمان خصوصی اساتذہ ہیں کیونکہ سانحہ پشاور میں اساتذہ نے ہی اپنی جانیں دے کر بچوں کو بچایا، استاد ہی بچوں کا کردار بناتے ہیں اور ان کے خوابوں کو پورا کرنے میں مدد کرتے ہیں، اس لیے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے آؤ پڑھاؤ کی مہم جاری ہے۔


تقریب میں سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام کے ڈین کراپ پروڈکشن اینڈ اسپورٹس منیجمنٹ کمیٹی ڈاکٹر مقصود رستمانی سمیت 150 سے زائد اساتذہ کو آؤ پڑھاؤ ایوارڈز پیش کیے گئے۔ تقریب میں ایکسپریس میڈیا گروپ کی زارا نشاط اور پروجیکیٹ اسسٹنٹ محسن لغاری کو بھی سماجی تنظیم شیڈز کی جانب سے خصوصی شیلڈز دیں گئیں۔ اس موقع پر ایوارڈز حاصل کرنیوالے اساتذہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ ان کی زندگی کا یہ سب سے اہم موقع ہے کیونکہ اس سے پہلے کسی بھی تنظیم کی جانب سے اتنی بڑی تقریب میں ان کو اس طرح ایوارڈز سے نہیں نوازا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسی تقریبات ہونی چاہئیں تاکہ اساتذہ کا اعتماد بڑھے اور وہ اور زیادہ محنت سے بچوں کو پڑھانے میں دلچپسی لیں۔ تقریب میں ٹنڈوجام، ٹنڈوالہ یار، میرپورخاص سمیت 9 شہروں کے سیکڑوں طلبا و طالبات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پراساتذہ اور والدین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب کے بعد زرعی یونیورسٹی میں3 روز تک جاری رہنے والے 30 کھیلوں کے مقابلوں کا آغاز ہوگیا۔
Load Next Story