کراچی میں سیاسی جماعت کے عہدیدارسمیت 7 افرادہلاک

مزارقائد کے قریب فائرنگ سے تاج محمد ماراگیا،مقتول اے این پی کا عہدیدار تھا

مزارقائد کے قریب فائرنگ سے تاج محمد ماراگیا،مقتول اے این پی کا عہدیدار تھا۔ فائل فوٹو

NEW DELHI:
کراچی کے مختلف علاقوں میں سیاسی جماعت کے عہدیدار اورخاتون سمیت7افراد ہلاک ہوگئے۔ مزار قائد ایم اے جناح روڈ باب جناح کے سامنے موٹر سائیکل سوار ملزمان نے موٹر سائیکل پر جانے والے 26 سالہ تاج محمد کو ٹکر مار کر گرانے کے بعد فائرنگ کرکے ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے، فائرنگ سے ایم اے جناح روڈ پر ٹریفک معطل ہوگیا۔

ایس ایچ او سولجر بازار عرفان نے بتایا کہ مقتول تاج محمد پرانی سبزی منڈی کا رہائشی تھا اور اے این پی پرانی سبزی منڈی یونین کونسل4وارڈ کا نائب صدر تھا،مقتول سٹی کورٹ مقدمے کی پیشی پر جارہا تھا،تاج محمد کی نماز جنازہ پرانی سبزی منڈی گلشن مسجد میں بعد نماز عصر ادا کی گئی،نیو کراچی سیکٹر فائیو آئی فیری گارڈن شادی ہال کے قریب چنگ چی رکشے کو روک کر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے رکشے میں سوار خاتون کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے فائرنگ کی زد میں آکر ایک خاتون فرحت زوجہ شبیر زخمی ہوگئی ہلاک ہونے والی خاتون کی شناخت عاصمہ زوجہ شہزاد کے نام سے ہوئی،


ایس ایچ اوبلال کالونی الیاس شاہ نے بتایاکہ مقتولہ عاصمہ سرجانی ٹاؤن سیکٹر7-D کی رہائشی تھی اوراس کی7ماہ قبل شادی ہوئی تھی مقتولہ کا شوہر دبئی میں ہے اور وہ دو ماہ قبل ہی دبئی سے واپس آئی تھی انھوں نے بتایا کہ چنگ چی رکشے میں6خواتین سوار تھیں اور ملزمان نے صرف عاصمہ کو نشانہ بنایا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ واقعہ ذاتی نوعیت کا ہے،منگھوپیر تھانے کی حدود گلشن توحید کے عقب میں واقع جنگل سے38سالہ شخص کی لاش ملی،ایس ایچ او منگھوپیر بشیر نے بتایا کہ مقتول کی شناخت ممتاز ولد قادر بخش کے نام سے ہوئی ہے جسے نامعلوم ملزمان نے سر اور پیٹ میں دو گولیاں مار کر قتل کیا اور لاش پھینک کر فرار ہوگئے۔

انھوں نے بتایا کہ مقتول بلوچستان حب لسبیلہ کا رہائشی تھا، لیاری بہار کالونی ٹینری روڈ پر نامعلوم مسلح ملزمان نے موٹر سائیکل پر جانے والے28سالہ ملک طارق عزیز کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا، پولیس کے مطابق مقتول طارق عزیز مقامی اخبار کامنیجنگ ایڈیٹر تھا اور اس کا چھالیہ کا کاروبار تھا۔ پولیس کے مطابق مقتول6بچوں کا باپ تھا، سندھی ہوٹل نیو کراچی میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے25سالہ شکیل کو زخمی کردیا۔ قائد آباد تھانے کی حدود سواتی محلہ اسٹار گراؤنڈ کے قریب 2 نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 35 سالہ سلطان خان ہلاک ہو گیا،مقتول کا کافی عرصے سے زمین کا تنازع چل رہا تھا،جمشید کوارٹر زکے علاقے گرو مندر ٹریفک پولیس چوکی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 32 سالہ محمد یامین زخمی ہو گیا جسے نجی اسپتال لے جایاگیا جہاں وہ ہلاک ہوگیا۔

ایس ایچ او جمشید کوارٹر زخوشنود جاوید نے بتایا کہ مقتول محکمہ موسمیات کے قریب سمیرا اپارٹمنٹ کا رہائشی تھا انھوں نے بتایا کہ واردات کے وقت مقتول کے ساتھ اس کے والد صالح محمد اور بھائی شیراز بھی تھا،نیوکراچی میں کرن میڈیکل اسٹور پر ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پرسیلزمین 26 سالہ عرفان کوگولی مار کر زخمی کردیاجو بعدازاں اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا۔
Load Next Story