بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان نے زندگی کی 49 بہاریں دیکھ لیں

سلمان خان کو بالی ووڈ میں 100 کروڑ سے زیادہ کا کاروبار کرنے والی سب سے زیادہ فلموں میں کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

سلمان خان کی مشہور فلموں میں ’’بیوی نمبر ون‘‘، ’’کچھ کچھ ہوتا ہے‘‘، ’’دبنگ‘‘، ’’ایک تھا ٹائیگر‘‘، ’’دبنگ ٹو‘‘، ’’ریڈی‘‘، ’’وانٹڈ‘‘ اور ’’کک‘‘ سمیت کئی فلمیں شامل ہیں۔ فوٹو: فائل

بالی ووڈ کے معروف اداکار اور دبنگ خان کے نام سے مشہور سلمان خان آج اپنی 49ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

سلمان خان نے 27 دسمبر 1965 کو اداکار اور اسکرین رائٹر سلیم خان کے گھر آنکھ کھولی اور اپنے فنی کیرئر کا آغاز فلم ''بیوی ہو تو ایسی'' میں معاون اداکار کی حیثیت سے کیا تاہم 1989 میں اپنی دوسری فلم ''میں نے پیار کیا'' میں مرکزی کردار نے ان کی کامیابی کے راستے کھول دیئے اور انہیں فلم میں لاجواب اداکاری پر بہترین ڈیبیو اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا، سلمان خان اب تک 80 سے زائد ہندی فلموں میں کام کرچکے ہیں جس میں کئی فلموں نے باکس آفس پر تابڑ توڑ بزنس کیا جبکہ ان کی مشہور فلموں میں ''ہم آپ کے ہیں کون''، ''کرن ارجن''، ''جڑواں''، ''پیار کیا تو ڈرنا کیا''، ''بیوی نمبر ون''، ''کچھ کچھ ہوتا ہے''، ''دبنگ''، ''ایک تھا ٹائیگر''، ''دبنگ ٹو''، ''ریڈی''، ''وانٹڈ'' اور ''کک'' کے علاوہ کئی فلمیں شامل ہیں۔


بہترین اداکاری پر سلمان کو کئی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا جن میں بہترین اداکار کا اسکرین ایوارڈ اور بہترین معاون اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ سمیت کئی اعزازات شامل ہیں جبکہ دبنگ خان نے چھوٹی اسکرین پر ''بگ باس'' اور ''دس کا دم'' جیسے رئیلٹی شوز کی میزبانی کے فرائض بھی انجام دیئے۔

فلمی کیریئر کے دوران سلمان خان اپنے افیئرز کی وجہ سے کئی بار خبروں کی بھی زینت بنے اور سب سے پہلے ایشوریا رائے بچن کے ساتھ ان کے قریبی تعلقات کی خبریں منظر عام پر آئیں، کترینہ کیف کے ساتھ بھی سلو میاں کا معاشقہ خوب چلا لیکن پھر چند اختلافات کی بنا پر دونوں نے علیحدگی اختیار کرلی اور اب جیکولین فرنینڈس کے ساتھ ان کے تعلقات کی خبریں میڈیا میں گردش کر رہی ہیں۔
Load Next Story