کراچی کی ٹمبرمارکیٹ میں کولنگ کا عمل دوسرے روز بھی جاری

ملبے میں سے اب بھی وقفے وقفے سے دبی آگ سر اٹھا رہی ہے اور فائر بریگیڈ کے اہلکار اسے بجھارہے ہیں

آگ کے باعث 250 سے زائد چھوٹی بڑی دکانیں اور گودام اور 100 کے قریب مکان مکمل طور پر خاکستر ہوگئے ہیں فوٹو: فائل

KARACHI:
پرانا حاجی کیمپ میں واقع ٹمبرمارکیٹ میں لگی آگ پر گزشتہ رات قابو پالیا گیا تھا تاہم کولنگ کا عمل اب بھی جاری ہے۔

کراچی کے علاقے پرانا حاجی کیمپ میں واقع ملک کی سب سے بڑی ٹمبر مارکیٹ میں لگنے والی آگ نے لکڑی کے گوداموں کو کوئلے کے ڈھیروں میں بدل دیا ہے۔ مارکیٹ میں تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر بند ہیں جبکہ آتشزدگی کی نذر ہونے والی دکانوں اور مکانات کے مالکان اپنے نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ کے ایم سی کی جانب سے ملبے کو ہٹایا جارہا ہے جس میں سے اب بھی وقفے وقفے سے دبی آگ سر اٹھا رہی ہے اور فائر بریگیڈ کے اہلکار اسے بجھارہے ہیں۔


دوسری جانب سے وزیراعلی سید قائم علی شاہ نے متاثرین کے روزمرہ اخراجات کے لئے یومیہ ایک لاکھ روپے کی امداد کی منظوری دے دی ہے، امدادی رقم ڈپٹی کمشنرجنوبی کی تصدیق کے بعدجاری ہوگی۔

واضح رہے کہ ٹمبر مارکیٹ میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات لگنے والی آگ کے باعث 250 سے زائد چھوٹی بڑی دکانیں اور گودام جبکہ 100 کے قریب مکان مکمل طور پر خاکستر ہوگئے ہیں جس سے ہزاروں افراد کے روزگار ختم ہوگئے ہیں۔
Load Next Story