لیاری گینگ وار کا اہم کردار عزیر جان بلوچ دبئی میں گرفتار

عزیر بلوچ ایرانی پاسپورٹ پر اومان کے دارالحکومت مسقط سے دبئی میں داخل ہوا تھا، ذرائع

عزیربلوچ قتل، اقدام قتل اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کے کئی مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہے فوٹو:فائل

انٹر پول نے لیاری گینگ وار کے اہم ترین ملزم اور کالعدم پیپلزامن کمیٹی کے سربراہ عزیر جان بلوچ کو گرفتار کرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عزیر بلوچ ایرانی پاسپورٹ پر اومان سے براستہ سڑک دبئی داخل ہورہا تھا کہ وہاں موجود حکام نے معمول کی پوچھ گچھ کے بعد اسے حراست میں لے لیا، دوران تفتیش عزیر بلوچ نے اپنی شناخت ایرانی شہری کی حیثیت سے کرائی تاہم بعد میں اس نے اپنی اصل شناخت ظاہرکردی۔ متحدہ عرب امارات میں قائم پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے عزیر نامی مطلوب شہری کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔


دوسری جانب پاکستانی حکام نے عزیر بلوچ کی حوالگی کے لئے متحدہ عرب امارات اور انٹرپول کے حکام سے رابطہ کیا ہے جس کے بعد یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ آئندہ 2 سے 3 روز میں عزیر بلوچ کو وطن لایا جائے گا۔

واضح رہے کہ عزیربلوچ قتل، اقدام قتل اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کے کئی مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہے اور 2013 میں ٹارگٹ کلرز اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن شروع ہونے پر بیرون ملک فرار ہوگیا تھا۔
Load Next Story