خادم اعلیٰ کی وجہ سے پنجاب دیوالیہ ہونے کو ہے پرویزالٰہی

مسلم لیگ کے اتحاد کا بہانہ کرنے والے درحقیقت انتشار پھیلاتے ہیں، ہم نے انکا راستہ بندکردیا

مسلم لیگ کے اتحاد کا بہانہ کرنے والے درحقیقت انتشار پھیلاتے ہیں، ہم نے انکا راستہ بندکردیا

مسلم لیگ ق کے صدر سینیٹر چوہدری شجاعت حسین اور نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ایک نظریاتی پارٹی ہے جو قائداعظم کے رہنما اصولوں پر کاربند ہے، ن لیگی رہنمائوں کی ق لیگ میں شمولیت ہماری پالیسیوں پر عوام کا اعتماد ہے، ہم نے نہ صرف اقتدار میں بلکہ اقتدار سے باہر رہ کر بھی عوام کی خدمت کی ہے، حلقہ این اے 101 وزیر آباد سے ق لیگ کے نامزد امیدوار ساجد حسین چٹھہ کی سربراہی میں200سے زائد ن لیگی عمائدین کی ق لیگ میں شمولیت کے موقع پر خطاب میں انہوں نے کہا کہ ساجد حسین چٹھہ ایک بااصول اور دیانتدار انسان ہیں وہ وزیرآباد کے لوگوں کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔

پرویزالٰہی نے کہا کہ جو وزیراعلیٰ اپنی ٹیم نہ بناسکے وہ صوبہ کیا بنائے گا، مسلم لیگ کے اتحاد کا بہانہ کرنے والے درحقیقت انتشار پھیلاتے ہیں، ہم نے ان کا راستہ بند کردیا ہے۔ پنجاب میں تبدیلی کی لہر چل پڑی ہے، عوام کو اب کھرے اور کھوٹے کی پہچان ہوچکی ہے اور وہ سیاسی طور پر باشعور ہو چکے ہیں، انہیں معلوم ہے کہ حقیقی خادمِ اعلیٰ کون تھا اور نام نہاد خادم اعلیٰ کون ہے۔


انہوں نے وفد کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے وزیرآباد میں باریاں لگائی ہوئی تھیں وہ اب نوشتہ دیوار پڑھ لیں، پرویزالٰہی نے کہا کہ ہم نے اپنے دورِ حکومت میں پنجاب میں ایک سے بڑھ کر ایک ترقیاتی کام کئے مگر کبھی پیسوں کی کمی کا سامنا نہ ہوا ہماری نیت ٹھیک تھی اسی لئے اللہ تعالیٰ نے ہمیں کامیاب کیا۔ خادم اعلیٰ کی ناکام سکیموں سے صوبہ دیوالیہ ہونے کے قریب ہے، انسان کی نیت بری ہو تو اللہ تعالیٰ بھی برکت اٹھا لیتا ہے۔

مشاہد حسین سید نے کہا کہ ہماری پارٹی ون مین شو نہیں بلکہ ہمارے کارکن پارٹی کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، ہمارا نعرہ ٹیم ورک اور ہوم ورک ہے۔ ساجد حسین چٹھہ نے چودھری پرویزالٰہی کو وزیرآباد میں جلسہ کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ لوگ منتظر ہیں کہ پرویزالٰہی کا دور واپس آئے، پنجاب ق لیگ کا ہے اور ہم یہ صوبہ واپس لے کر رہیں گے۔

 
Load Next Story