صحافی کے قتل پر حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کا مظاہرہ

سیاسی و سماجی رہنمائوںکی بھی شرکت، صحافیوں سے جھوٹے مقدمات ختم کرنے کا مطالبہ۔

رکاوٹوں کے باوجود حق بیان کرتے رہیں گے،فرحان آفندی ، الطاف کوٹی و دیگر کا خطاب۔ فوٹو فائل

حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس نے خضدار میں نجی ٹی وی چینل کے نمائندے عبدالحق بلوچ کے قتل اور صحافیوں پر جھوٹا مقدمہ درج کیے جانے کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔


مظاہرے میں الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوںکی بڑی تعداد کے علاوہ ایس ٹی پی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی، مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر حنیف صدیقی، سنی تحریک کے ضلعی رہنماء عابد قادری سمیت مختلف سیاسی اور سماجی جماعتوں کے رہنما بھی شریک تھے۔

یونین کے صدر فرحان آفندی، سینئر صحافی لالہ رحمان سموں، شاہد شیخ، الطاف کوٹی، یاسین راہی ودیگرنے عبدالحق بلوچ کے قتل اور 26 صحافیوں کیخلاف جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کرنیکی مذمت کی اور کہا کہ صحافیوںکو جھوٹے مقدمات سے ڈرایا اور دھمکایا نہیں جاسکتا، تمام تر رکاوٹوں کے باوجود صحافی حق اور سچ بیان کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عبدالحق بلوچ اور محمد عامر کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ علاوہ ازیں حیدرآباد پریس نے بھی بلوچستان میں صحافی کے قتل اور صحافیوں پر مقدمہ درج کیے جانے کیخلاف مظاہرہ کیا۔
Load Next Story