ویمنز ٹی 20ورلڈ کپ پاکستان کو آج جنوبی افریقی چیلنج درپیش

کامیابی کے حصول پر بنگلہ دیش میں شیڈول 2014 کے ایڈیشن میں شرکت یقینی بن جائے گی، بھارت میزبان سری لنکا...

کامیابی کے حصول پر بنگلہ دیش میں شیڈول 2014 کے ایڈیشن میں شرکت یقینی بن جائے گی، بھارت میزبان سری لنکا کیخلاف قسمت آزمائے گا. فوٹو : اے ایف پی

ویمنز ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کو بدھ کے روز پلے آف میں جنوبی افریقی چیلنج کا سامنا کرنا ہوگا۔

فتح کی صورت میں ٹیم بنگلہ دیش میں شیڈول 2014 کے ایڈیشن میں شرکت یقینی بنالے گی، میزبان سری لنکن سائیڈ بھی دو برس بعد ورلڈ کپ میں جگہ پکی کرنے کیلیے بھارت کیخلاف صف آرا ہوگی، پہلا سیمی فائنل جمعرات کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق ویمنز ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں اختتامی چار پوزیشنز پانے والی ٹیمیں بدھ کو پلے آف مقابلوں میں مدمقابل آئیں گی، پاکستان کا سامنا جنوبی افریقہ اور بھارت کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔


دونوں میچز کولمبو کے دو مختلف وینیوز پر پاکستانی وقت کے مطابق بیک وقت صبح 9 بجے شروع ہوں گے۔گرین شرٹس کھلاڑی پروٹیز کیخلاف مورس اسپورٹس کلب گرائونڈ پر ایکشن میں ہوں گی،بھارتی اور سری لنکن پلیئرز ننڈو اسکرپٹس کرکٹ کلب پر مدمقابل آئیں گی، پاکستان نے ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہونے کے بعد گروپ کے آخری مقابلے میں روایتی حریف بھارت کو سنسنی خیز مقابلے میں 1رن سے شکست دیکر ورلڈ کپ کی تاریخ میں کامیابی کا کھاتہ کھولا، لو اسکورنگ مقابلے میں ندا راشد ڈار کی عمدہ اسپن بولنگ کی بدولت ٹیم 98 کے ٹوٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب رہی تھی۔

جنوبی افریقہ سے مقابلے میں کامیابی کیلیے بولرز کے ساتھ پاکستانی بیٹسمویمنز کو بھی اچھا پرفارم کرنا ہوگا، اب تک ایونٹ میں کوئی بھی پلیئر30 سے زائد رنز نہیں بنا پائی، ہر مرتبہ بولرز سے کم ٹوٹل کے دفاع کی امید رکھنا خام خیال ہوگی، بھارت کیخلاف اپنی اسپن بولنگ کی بدولت 3وکٹیں حاصل کرنے والی ندا جنوبی افریقی بیٹسمویمنز کو بھی پریشان کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں، دوسری جانب پروٹیز مضبوط سائیڈ ہونے کے باوجود سیمی فائنلز میں رسائی حاصل نہیں کرپائے، یقینی طور پر وہ بھی ایونٹ کا اختتام فتح کے ساتھ کرنا چاہیں گے۔

کپتان میگنون ڈو پریز نے میڈیا اور شائقین سے اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کی درخواست کی ہے، وہ پاکستان کیخلاف جیت کے ساتھ 2014 کے ایڈیشن میں براہ راست جانے کی خواہش رکھتی ہیں، وان نیکرک نے ایونٹ میں عمدہ آل رائونڈ پرفارمنس پیش کی اورکپتان ڈو پریز انھیں اپنی ٹیم کا ٹرمپ کارڈ خیال کرتی ہیں، 2014 میں بنگلہ دیش بطور میزبان شرکت کا حق رکھے گا جبکہ سیمی فائنلسٹ چاروں ممالک، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ ساتھ پلے آف کی فاتح دونوں ٹیمیں بھی شرکت کی اہل بن جائیں گی،8 ٹیموں کے درمیان شیڈول ایونٹ کی آخری سائیڈکا انتخاب کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے ذریعے ممکن ہوگا جو آئندہ برس ہونا ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story