ایشیا میںشرعی مالیاتی خدمات کوفروغ دینے کیلیے معاہدہ

اسلامک فنانشل سروسز بورڈ اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے اعلیٰ حکام نے دستخط کر دیے۔

ریگولیشن،اسلامی مالی اداروںکی نگرانی میں تعاون، تحقیق ومعلومات کا تبادلہ کیاجائیگا. فوٹو: فائل

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) اور اسلامک فنانشل سروسز بورڈ (آئی ایف ایس بی) نے رکن ممالک میں اسلامی مالیات کو فروغ دینے کے لیے منگل کو منیلا میں قائم ایشیائی بینک کے ہیڈکوارٹرز میں مفاہمتی یادداشت (ایم اویو) پر دستخط کردیے

معاہدے پر اے ڈی بی کی طرف سے نائب صدر برائے علمی انتظام و پائیدار ترقی بندو لوہانی اور آئی ایف ایس بی کی طرف سے جنرل سیکریٹری جاسیم احمد نے دستخط کیے۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ادارے مشترکہ رکن ممالک میں مشترکہ تکنیکی امداد اور پالیسی پرمبنی کام کے حوالے سے تعاون، ریگولیشن صلاحیت کے استحکام، اسلامی مالیاتی خدماتی اداروں، کیپٹل مارکیٹس و سرمائے کے انتظام کی نگرانی سمیت اسلامی مالیات کے قیام اور مشترکہ تحقیق و معلومات کے تبادلے کو فروغ دیں گے۔


بندو لوہانی نے اس موقع پر کہا کہ ایشیا کی ترقی میں اسلامی مالیات کی اہمیت پر شک نہیں کیا جاسکتا اور اس کی عکاسی اے ڈی بی کے رکن ملکوں میں حالیہ برسوں کے دوران شریعہ کمپلائنٹ فنانسنگ میں نمایاں اضافے سے ہوتی ہے، ہم اس ایم او یو کے تحت رکن ملکوں کو جامع مالیاتی اور انفرااسٹرکچر فنانسنگ کے حوالے سے درپیش معاملات سے نمٹنے کے لیے آئی ایف ایس بی کے ساتھ زیادہ قریبی تعاون چاہتے ہیں۔

جاسیم احمد نے کہا کہ ایشیا کی ترقیاتی ضروریات اور خطے میں اسلامی مالیات کے پھیلائو کے پوٹینشل کو دیکھتے ہوئے اس ایم او یو سے زیادہ لچک دار اسلامی مالیاتی شعبے کی ادارہ جاتی وپالیسی ضروریات کے لیے دونوں اداروں کی قابلیت مستحکم ہو گی، اس سلسلے میں امید ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک خطے کے سماجی ومالیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اسلامی مالیات کے سرحد پار تعاون اور ایشیا کی انفرااسٹرکچر فنڈنگ کے لیے جدید مالیاتی طریقوں کیلیے بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کی حوصلہ افزائی کرے گا۔
Load Next Story