وفاقی حکومت کا گینگ وار کے مرکزی کردار عزیر بلوچ کو فوری تحویل میں لینے کا فیصلہ

وزارت داخلہ نے عزیر بلوچ کو تحویل میں لینے کے لیے وزارت خارجہ کو خط لکھ دیا

عزیر بلوچ کو گزشتہ دنوں دبئی سے ایران جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا، فوٹو: فائل

حکومت نے لیاری گینگ وار کے مرکزی کردار عزیر بلوچ کو فوری تحویل میں لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔



ایکسپریس نیوز کےمطابق وفاقی حکومت نے متحدہ عرب امارات میں گرفتار ہونے والے لیاری گینگ وار کے مرکزی کردار عزیر بلوچ کو فوری تحویل میں لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے وزارت داخلہ نے وزارت خارجہ کو خط کے ذریعے آگاہ کرتے ہوئے ملزم کی حوالگی کے لیے کارروائی تیز کرنے کی سفارش کی ہے۔


واضح رہے کہ لیاری گینگ وار کے مرکزی کردار عزیر بلوچ کے حکومت پاکستان کی جانب سے ریڈ وارنٹ جاری کیے گئے تھے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطہ کیا گیا تھا جس کےبعد گزشتہ روز انٹرپول نے عزیر بلوچ کو نقلی نام پر دبئی سے ایران جاتےہوئے ایئرپورٹ پر گرفتار کیا تھا۔ ملزم عزیر بلوچ تاحال متحدہ عرب امارات کی حراست میں ہے جبکہ ایرانی حکومت عزیر بلوچ کو پاسپورٹ کی تحقیقات کے لیے اپنی تحویل میں لینا چاہتی ہے۔

Load Next Story