این اے 122 میں جعلی ووٹ نکلنے سے انتخابات میں دھاندلی ثابت ہوگئی عمران خان

تحریک انصاف نے حلقے کے جن پولنگ اسٹیشنز میں دھاندلی کی نشاندہی کی تھی وہاں دھاندلی ثابت ہوگئی، چیرمین پی ٹی آئی

حلقے کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی اور جانچ پڑتال کے دوران 30 ہزار جعلی ووٹ نکلے ہیں، عمران خان فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے دوران ہزاروں جعلی ووٹ نکلنے سے انتخابات میں دھاندلی سے متعلق ہمارا اصولی مؤقف ثابت ہوگیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ حکومت دھاندلی ثابت ہونے کے خوف سے پریشان ہے کیونکہ تحریک انصاف نے حلقہ این اے 122 کے جن پولنگ اسٹیشنز میں دھاندلی کی نشاندہی کی تھی وہاں دھاندلی ثابت ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ حلقے کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی اور جانچ پڑتال کے دوران 30 ہزار جعلی ووٹ نکلے، 30 تھیلوں میں صوبائی حلقوں کے ووٹ موجود تھے، 10 پولنگ اسٹیشنز میں کاؤنٹر فائل رکارڈ اور آر او رزلٹ میں بہت فرق نکلا جب کہ ووٹ کے 100 سے زائد تھیلوں میں فارم 14 اور فارم 15 موجود ہی نہیں تھا جس سے تحریک انصاف کا انتخابات میں دھاندلی کا اصولی مؤقف درست ثابت ہوگیا۔

واضح رہے کہ عمران خان کی درخواست پر حلقہ این اے 122 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل مکمل ہوگیا ہے جس کی رپورٹ آئندہ ہفتے الیکشن ٹربیونل کو پیش کی جائے گی۔
Load Next Story