موسم گرما سے قبل مزید بجلی قومی گرڈ میں شامل کرنا ترجیح ہے وزیراعظم

بجلی کی پیداوار کے لئے شمسی اور پن بجلی سمیت متبادل توانائی کے ذرائع بروئے کار لائے جائیں،وزیراعظم کی ہدایت

لائن لاسز میں کمی کے لئے بجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر بنایا جائے،وزیراعظم کی ہدایت۔ فوٹو؛ فائل

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت اپنی مدت کے دوران بجلی کی کمی پرمکمل طور پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے جب کہ موسم گرما شروع ہونے سے پہلے مزید بجلی قومی گرڈ میں شامل کرنا ترجیح ہے۔



اسلام آباد میں توانائی سے متعلق کابینہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 1100 کلومیٹر طویل ساؤتھ نارتھ گیس پائپ لائن کی تعمیر کے لئے اظہار دلچسپی کی درخواستیں مانگی گئی ہیں اور یہ منصوبہ دو مراحل میں مکمل کیا جائے گا جس سے گیس کی ترسیلی لاگت کم ہو گی اور اس کے نتیجے میں بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی آئے گی۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کے لئے نظام الاوقات طے کیا جائے تاکہ طے شدہ وقت میں اس کے مقاصد حاصل کئے جا سکیں۔


اجلاس کے دوران وزیراعظم نے صارفین کو کم نرخوں پر بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے فعال منصوبے شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شمسی اور پن بجلی سمیت متبادل توانائی کے ذرائع بروئے کار لائے جائیں اور بجلی کی فوری پیداوار میں حائل رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں۔ اس موقع وزیراعظم نے لائن لاسز میں کمی کے لئے بجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر بنانے پر زور دیا اور پرتوانائی بحران سے نمٹنے کے لئے ایل این جی پر چلنے والے بجلی گھر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
Load Next Story