ریسکیو اہلکاروں کو تباہ شدہ ایئر ایشیا کے طیارے کے بلیک باکس سے سگنل موصول
انڈونیشیا سے سنگاپورکی جانب پرواز کے دوران تباہ ہونے والے ایئرایشیا کے جہاز کے ملبے کی تلاش کے دوران ریسیکو اہلکاروں کو بحیرہ جاوا میں ایک سگنل موصول ہوا ہے جس کا تعلق ممکنہ طور پر جہاز کے بلیک باکس سے ہو سکتا ہے۔
انڈونیشیا کی نیشنل ٹرانسپورٹ سیفٹی کمیٹی کے اہلکار کا کہنا تھا کہ جہاز کا ملبہ تلاش کرنے والے اہلکاروں کی جانب سے سگنل کے موصول ہونے کی تصدیق ہوئی ہے اور لگتا یہی ہے کہ یہ جہاز کا بلیک باکس ہے جو بدقسمتی سے طیارے کے پچھلے حصے سے الگ ہو گیا تھا اور اب غوطہ خوروں کو اس کی اصل جگہ کی نشاندہی کرنی ہے۔ حکام کے مطابق سگنل اس مقام کے نزدیک سے موصول ہوا جہاں سے جہاز کا پچھلا حصہ ملا تھا جس کی وجہ سے امکان ہے کہ بلیک باکس طیارے کے مرکزی حصے سے الگ ہوکر دوسری جگہ پر گر گیا ہو۔
انڈونیشیا کی مسلح افواج کے کمانڈر کا کہنا تھا کہ غوطہ خوروں کی مدد سے سگنل کے مقام کی تلاش جاری ہے اور بلیک باکس کی مدد سے تفتیش کاروں کو جہاز کے تباہ ہونے کی وجہ معلوم ہو سکے گی جب کہ ریسکیو ٹیموں نے سمندر سے اب تک 46 لاشیں نکال لی ہیں۔
واضح رہے کہ ایئر ایشیا کا طیارہ 28 دسمبر کو انڈونیشیا کے شہر سورابایا سے سنگاپور جاتے ہوئے خراب موسم کے دوران گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں 162 افراد سوار تھے جب کہ اس وقت جہاز کے ملبے اور لاشوں کی تلاش میں مختلف ممالک کے 30 جہاز، 6 ہوائی جہاز اور 14 ہیلی کاپٹرحصہ لے رہے ہیں۔