بیتے سال سوشل میڈیا کا احوال

کون سی سماجی سائٹ بازی لے گئی، کیا رہا یوزرز کا رجحان

اعدادوشمار سے دل چسپ واقعات تک، سوشل ویب سائٹس کے بیتے برس کا جائزہ ۔ فوٹو : فائل

سال گزر گیا اور اپنے پیچھے کتنی ہی یادیں چھوڑ گیا۔ ہر برس زندگی کے مختلف شعبوں پر اثرات مرتب کرجاتا ہے، اسی طرح ہر شعبہ حیات میں تین سو پینسٹھ دن تبدیلیوں اور واقعات کی ایک تاریخ رقم کرجاتے ہیں۔ 2014 جہاں زندگی کے دیگر شعبوں پر اثرات، واقعات اور تبدیلیوں کی تاریخ بنا گیا ہے وہیں سوشل میڈیا کے حوالے سے بھی یہ برس یادوں کی ایک ڈائری دے گیا ہے۔ آئیے دیکھیں کہ بیتا برس سوشل میڈیا کی دنیا میں کیسا گزرا۔

بیتے سال موبائل فون کے ذریعے سوشل میڈیا کے استعمال کا رجحان مزید فروغ پایا۔ اس سال موبائل فون کو سوشل میڈیا سے جُڑنے کا ذریعہ بنانے والوں کا تناسب بڑھ کر چالیس فی صد ہوگیا۔

اس برس صارفین میں مقبولیت کے اعتبار سے تیزترین سوشل ویب سائٹس ٹمبلر اور پنٹریسٹ رہیں۔ پنٹریسٹ کے صارفین کی تعداد میں 110 فی صد اور ٹمبلر کے صارفین میں 120 فی صد اضافہ ہوا۔ دوسری طرف موبائل سے سوشل ویب سائٹس استعمال کرنے کے حوالے سے اسنیپ چیٹ بازی لے گئی، جس نے یوزر جنریٹڈ ویژول کنٹینٹ کی دوڑ میں چھپن فی صد کا تناسب حاصل کیا۔

ٹمبلر اور پنٹریسٹ نے نوجوان ترین صارفین میں مقبولیت کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ 2014 میں ان دونوں سماجی ویب سائٹس کے 70 فی صد صارفین کی عمر 16 سے 34 سال کے درمیان تھی، جب کہ فیس بک زیادہ عمر کے لوگوں کی سائٹ قرار پائی، جس کے ہر چار میں سے ایک یوزر کی عمر 45 سال ہے۔

اگرچہ فیس بک اس سال بھی صارفین کی تعداد کے اعتبار سے نمبرون رہی، لیکن اشتہارات کے معاملے میں اس کی کارکردگی ناقص رہی۔ ایک پیش گوئی کے مطابق مشتہرین اشتہارات کے لیے نئی سوشل ویب سائٹس سے رجوع کریں گے۔

2014 میں یوٹیوب پر وزٹس میں نمایاں اضافہ ہوا۔ ہر ماہ آن لائن یوزرز کے 85 فی صد نے یوٹیوب کا وزٹ کیا۔ صارفین نے اس سائٹ پر وڈیوز دیکھنے میں مجموعی طور پر ہر ماہ چھے بلین گھنٹے لگائے اور ہر منٹ کے دوران 100 ملین گھنٹے پر مشتمل وڈیوز اپ لوڈ کیں۔ بیتے سال ''ملٹی نیٹ ورکنگ'' کے رجحان میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ہر پانچ میں سے ایک سوشل میڈیا یوزر نے ہر ماہ یوٹیوب، فیس بک، ٹوئٹر اور گوگل پلس کا وزٹ کیا۔


٭دل چسپ رجحانات اور واقعات:

گذشتہ سال سیلفی کا رجحان عام صارفین سے نام ور شخصیات تک فروغ پذیر رہا۔ آسکر کی تقریب سے لے کر برطانیہ کے شاہی خاندان تک، عالمی شہرت یافتہ شخصیات کی سیلفیز سوشل میڈیا پر آکر مقبولیت حاصل کرتی رہیں۔ اس حوالے سے آسکرایوارڈ کی تقریب کے موقع پر کھینچی گئی اداکاروں کی سیلفی، جس میں بریڈپٹ، جینیفرلارنس، Ellen Degeneres,، بریڈلی کوپر اور دیگر اداکار نظر آرہے ہیں، سیلیبریٹز کی سلیفی کے رجحان کو مزید فروغ دیا۔ ٹوئٹر پر آنے والی یہ تصویر دوملین مرتبہ ری ٹوئٹ کی گئی۔ اسی طرح شہزادہ چارلس کی ایک اسکول کے طالب علم کی ساتھ بنائی گئی سیلفی نے بھی بہت شہرت حاصل کی۔

سوشل میڈیا کے عام یوزر میں سے روس سے تعلق رکھنے والے الیگزینڈر ریمیف کی دبئی میں واقع دنیا کی بلند ترین رہائشی عمارت پرنسس ٹاور پر بنائی گئی سیلفی بیتے سال کی مقبول ترین سیلفی قرار پائی۔

سیلفی کے ساتھ سوشل میڈیا پر دوسری طرح کی تصاویر PHOTOBOMBS کا بھی چرچا ہے۔ ایک تعریف کے مطابق وہ تصویر جو کسی کو علم میں لائے بغیر کھینچی جائے جس میں وہ بیک گراؤنڈ میں نظر آرہا ہو، PHOTOBOMBS کہلاتی ہے۔ ایسی ایک تصویر سوشل میڈیا پر مقبول رہی۔ یہ شہزادہ ہیری کی لی ہوئی تصویر ہے، جس میں گلاسگو میں ہونے والے ایک ہاکی میچ کے دوران برطانیہ کی ملکہ الزبتھ نیوزی لینڈ کی ہاکی ٹیم کی دو کھلاڑیوں کے عقب میں کھڑی مسکرا رہی ہیں۔ اس تصویر کو 13 ہزار ٹوئٹر یوزرز نے لائیک کیا۔اس سال سوشل میڈیا کے نیک مقاصد کے لیے استعمال بھی جاری رہا۔ اس حوالے سے اہم ترین واقعہ سرطان میں مبتلا انیس سالہ نوجوان Stephen Sutton کے لیے خطیر رقم کا آنا ہے۔

اس نے اپنے ٹوئٹ میں اپنے مرض کا تذکرہ کرتے ہوئے ان خواہشات کا تذکرہ کیا تھا جو وہ مرنے سے پہلے پوری کرنا چاہتا ہے، ان میں کینسر میں مبتلا ٹین ایجرز کے لیے ٹرسٹ کا قیام بھی شامل تھا، جس کے لیے لوگوں نے اسے مجموعی طور پر تین ملین یورو بھیجے۔ گذشتہ سال سوشل میڈیا پر مذاق کا نشانہ بننے والی تصاویر میں برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کی تصویر سرفہرست رہی، جس میں وہ فون پر بات کرتے نظر آرہے ہیں۔ ان کی اس تصویر پر ان کا خوب مذاق اُڑایا گیا اور کئی نام ور شخصیات میں اسی پوز میں پُرمزاح تصاویر بناکر ٹوئٹ کیں۔

سوشل میڈیا کے حوالے سے ایک اور واقعے کا بھی گذشتہ سال بہت چرچا رہا۔ ہوا یوں کہ ہالینڈ سے تعلق رکھنے والی ایک چودہ سالہ لڑکی نے امریکی ایئرلائن کو ایک ٹوئٹ کے ذریعے دھمکایا کہ وہ دہشت گرد القاعدہ کی رکن ہے اور ایئرلائن کو نقصان پہنچانے کی دھمکی دی۔ اس کے جواب میں ایئرلائن کے اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کیا گیا،''ہم اس نوعیت کی دھمکیوں کو سنجیدگی سے لیتے ہیں۔ ہم آپ کا آئی پی ایڈریس ایف بی آئی کو دے رہے ہیں۔'' جس پر لڑکی نے ٹوئٹ کیا،''میں معذرت چاہتی ہوں، میں خوف زدہ ہوں، میں مذاق کررہی تھی، میں تو ایک عام سی لڑکی ہوں، پلیز۔'' ایک اور ٹوئٹ میں لڑکی نے کہا کہ وہ صرف مشہور ہونا چاہتی تھی۔

سوشل میڈیا پر کچھ پوسٹ کرتے ہوئے دل چسپ غلطیاں بھی سرزد ہوجاتی ہیں۔ ایسی ہی ایک غلطی معروف نیومی کیمبیل سے ہوگئی۔ انھوں نے ملالہ یوسف زئی نوبیل انعام ملنے پر مبارک باد کی ٹوئٹ میں ملالہ کو ''ملیریا'' لکھ دی، جس پر ان کی خوب بھد اُڑائی گئی۔
Load Next Story