خام تیل کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے 12 فیصد کمی

سونا 51 ڈالر مہنگا، چاندی پلاٹینم وپلاڈیم کے نرخ بھی بڑھ گئے، چینی کی قیمت بھی بلند

بیشتر صنعتی دھاتوں کے دام کم، خام تیل کی قیمت 40 ڈالر فی بیرل تک گر سکتی ہے، ماہرین فوٹو: فائل

اجناس کی عالمی منڈیوں میں گزشتہ ہفتے خام تیل توجہ کا مرکز رہا اور اس کی قدر میں کمی کا تسلسل قائم رہا۔

ساتھ ہی خام تیل کے 40 ڈالر فی بیرل کی سطح تک گرنے کے امکانات بھی اس وقت واضح ہونے لگے جب نیویارک مرکنٹائل ایکس چینج میں امریکی بنچ مارک ڈبلیوٹی آئی خام تیل کی فروری میں فراہمی کے لیے قیمت 53.49 ڈالر سے گھٹ کر 48.36 ڈالر فی بیرل تک گرگئی جو اپریل 2009 کے بعد کم ترین سطح ہے جبکہ لندن کی انٹر کانٹینینٹل ایکس چینج میں یورپی برانڈ برینٹ نارتھ سی کروڈ کے نرخ 50.11 ڈالر فی بیرل پرآگئے جو ایک ہفتے قبل 57.02 ڈالر فی بیرل تھے۔


اس طرح ایک ہفتے میں خام تیل کی فی بیرل قیمتوں میں کم وبیش 12.11 فیصد کمی ہوئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اوپیک کی جانب سے زائد پیداوار کو محدود کرنے کے حوالے سے کچھ کرنے کے کوئی آثار نظرنہیں آرہے جس کی وجہ سے آئندہ آنے والے ہفتوں میں خام تیل کی قیمتیں 40 ڈالر فی بیرل تک گرسکتی ہیں۔ دوسری طرف یورو زون کے حوالے سے ایک بار پھر خدشات ابھرنے کے باعث سونے کی طلب میں اضافہ دیکھا گیا۔ لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت ایک ہفتے میں 51 ڈالر کے اضافے کے نتیجے میں 1172 ڈالر سے بڑھ کر 1223 ڈالر فی اونس پر آگئی جبکہ چاندی کی قیمت 15.71 ڈالر سے بڑھ کر16.24 ڈالر فی اونس ہوگئی۔

گزشتہ ہفتے لندن پلاٹینم وپلاڈیم مارکیٹ میں پلاٹینم کی قیمت 32 ڈالر کے اضافے سے 1225 ڈالر فی اونس اور پلاڈیم کی 4 ڈالر بڑھ کر 795 ڈالر فی اونس ہوگئی تاہم بیشتر صنعتی دھاتوں کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے کمی ہوئی، لندن میٹل ایکس چینج میں ایک ہفتے میں تانبے کی قیمت 130 ڈالر کی کمی 6112 ڈالر فی ٹن، الومینیم کی قیمت 26 ڈالر گھٹ کر1820 ڈالر فی ٹن، لیڈ کی 19 ڈالر کی کمی سے 1839 ڈالر فی ٹن، ٹین کی 355 ڈالر کے اضافے سے 19ہزار630ڈالر فی ٹن اور قلعی کی قیمت 537 ڈالر کے اضافے سے 15 ہزار 508 ڈالر فی ٹن ہو گئی۔ علاوہ ازیں سفید چینی کی عالمی قیمت 10 ڈالر کے اضافے سے 390 ڈالر فی ٹن ہوگئی۔
Load Next Story