جاگو جاگو صبح ہوئی

سوئے ہووں کو اٹھانے آگیا سوشل الارم کلارک

نئی ایپلی کیشن Wakie آپ کے بروقت نہ جاگنے کا مسئلہ حل کردے گی۔ فوٹو : فائل

نیند کے پکے لوگوں کے لیے صبح اٹھنا ایک عذاب ہوتا ہے۔

یوں بھی تھکن اور رات دیر تک جاگنے کی وجہ سے صحیح وقت پر آنکھ نہیں کھلتی، جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ آپ اپنے آفس یا کلاس روم میں بروقت نہیں پہنچ پاتے یا کوئی ضروری میٹنگ میں تاخیر سے پہنچتے ہیں۔ بعض اوقات بل کہ اکثر الارم اور گھر کے کسی اور فرد کو جگانے کا کہنا بھی سودمند ثابت نہیں ہوتا۔ آپ کی اس مشکل کو پیش نظر رکھتے ہوئے روسی ڈویلپرز نے اس کا حل نکال لیا ہے۔

روسی ڈویلپرز نے Wakie کے نام سے ایک نئی موبائل ایپلی کیشن بنائی ہے۔ یہ ایک قسم کی سوشل الارم کلارک ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنے جاگنے کے اوقات مقرر کر سکتے ہیں۔ اس مقررہ وقت پر انھیں یہ ایپلی کیشن استعمال کرنے والے کسی دوسرے صارف کی جانب سے ایک کال موصول ہوگی۔ اگر آپ کے مقررہ وقت پر کوئی دوسرا صارف نہیں جاگ رہا تو یہ ایپلی کیشن تیز آواز میں ایک میسیج سنائے گی، اور آپ بیدار ہوکر ہی رہیں گے۔


دوسرے صارف کی طرف سے آپ کو آنے والی کال کا دورانیہ ایک منٹ ہوگا اور پچاس سیکنڈ بعد وارننگ دی جائے گی کہ آپ اپنی گفتگو جلدی ختم کردیں۔

ویکی کے ذریعے کال کرنے والے اور سننے والے کا نمبر ایک دوسرے سے خفیہ رکھا جائے گا اور یہ کال انٹرنیٹ کے ذریعے آئے گی، جس کے آپ کو الگ سے چارجز ادا نہیں کرنے ہوں گے۔ اس سروس کے ذریعے آپ نیند سے اٹھنے کا مسئلہ حل کرنے کے ساتھ دنیا بھر میں اپنے نئے دوست بھی بناسکتے ہیں۔

یہ ایپلی کیشن تین بڑے موبائل آپریٹنگ سسٹمز اینڈرائڈ، آئی او ایس اور ونڈوز فون کے لیے دستیاب ہے۔ اس وقت 80 ممالک میں اس ایپلی کیشن کے 15 لاکھ صارفین موجود ہیں، جن کی تعداد میں روزبہ روز اضافہ ہورہا ہے۔
Load Next Story