فرانسیسی صدر نے اسرائیلی وزیر اعظم کو پیرس ریلی میں شرکت سے روک دیا تھا

بہتر ہے آپ ریلی میں تشریف نہ لائے کیونکہ اس سے یہود مسلم تنازع بڑھنے کا خدشہ ہے، فرانسو اولاند کا نیتن یاہو کو پیغام

نیتن یاہو ہماری مشکلات کو سمجھیں جو ان کے فرانس آنے کی صورت میں ہوسکتی ہیں،فرانسیسی حکام فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
فرانس کے صدر فرانسو اولاند نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کو پیرس میں منعقدہ ریلی میں شرکت نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا لیکن بنجمن نیتن یاہو نے فرانسیسی صدر کے پیغام کو کسی خاطر میں نہ لاتے ہوئے ریلی میں شرکت کی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق فرانس کے صدر فرانسو اولاند کی جانب سے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کو اتوار کو دہشت گردی کے خلاف نکالی جانے والی پیرس ریلی میں شرکت سے روکنے کے لئے دیئے جانے والے پیغام میں کہا تھا کہ بہتر ہے کہ آپ پیرس ریلی میں تشریف نہ لائے کیونکہ اس سے یہود مسلم تنازع بڑھنے کا خدشہ ہے جب کہ فرانسیسی صدر کے سلامتی امور کے مشیر کا کہنا تھا کہ امید ہے نیتن یاہو ہماری مشکلات کو سمجھیں گے جو ان کے فرانس آنے کی صورت میں ہوسکتی ہیں۔


عرب میڈیا کے مطابق فرانس کا یہ پیغام موصول ہونے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نے اپنا دورہ پیرس منسوخ کردیا تھا تاہم بعد میں فیصلہ تبدیل کرکے ریلی میں شریک ہوگئے۔

واضح رہے فرانس کے عوام کی اکثریت اسرائیل کے خلاف ہے اور اسرائیل کو فلسطینی تنازع میں جارح سمجھتی ہے جب کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطینی ریاست کے حق میں پیش کی گئی قرارداد کی فرانس نے بھی حمایت کی تھی۔
Load Next Story