وزیراعظم نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں فوجی عدالتیں قائم کرنے کی منظوری دیدی

دہشتگردوں کے خاتمے کے لئے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں، معاشرے میں دہشتگردوں کے لئے کوئی جگہ نہیں،نواز شریف

دہشتگردوں کے خاتمے کے لئے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں، معاشرے میں دہشتگردوں کے لئے کوئی جگہ نہیں،نواز شریف فوٹو :فائل

وزیراعظم نواز شریف نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی فوجی عدالتیں قائم کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی لائحہ عمل پر پیشرفت اور جلد عملدرآمد کی خود نگرانی کر رہا ہوں اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔



اسلام آباد میں قومی ایکشن پلان کے لائحہ عمل کا جائزہ اجلاس وزیراعظم کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثاراور نیکٹا کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لئے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں، معاشرے میں دہشتگردوں کے لئے کوئی جگہ نہیں اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔


نیکٹا افسران نے وزیراعظم کو نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد اور پنجاب میں نفرت انگیز تقاریر اور مواد پر 164مقدمات درج اور 157 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ نفرت انگیز اور فرقہ وارانہ مواد چھاپنے کےالزام میں 40 پرنٹنگ پریس کوسیل کیا گیا اور لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال پر 1994 کیسز رجسٹرڈ اور 1088 افراد گرفتار کیا گیا۔ وزیراعظم نے دیگر صوبوں کو بھی ہدایت کی کہ قوی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے رپورٹ مرتب کریں۔


واضح رہے کہ25 دسمبر کو وزیراعظم نواز شریف نے 20 نکات پر مشتمل قومی ایکشن پلان کا اعلان کیا تھا جس میں فوجی عدالتوں کا قیام بھی شامل ہے جب کہ دونوں ایوانوں سے ایکشن پلان کی منظوری کے بعد چاروں صوبوں میں فوجی عدالتیں قائم کردی گئی ہیں ۔
Load Next Story