پیغمبراسلام کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں ترک وزیراعظم

پیرس حملوں کی مذمت کرتے ہیں لیکن حملوں کی آڑمیں پیغمبراسلام کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں،داؤد اوغلو

گستاخانہ خاکوں کے خلاف ہر سطح پر لڑا جائے گا، ترک وزیراعظم۔ فوٹو: فائل

SUKKUR:

ترک وزیراعظم احمد داؤد اوغلو نے پیغمبر اسلام کی شان میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ حضور ﷺ کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس کے خلاف ہر سطح پر لڑا جائے گا۔



غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترک وزیراعظم نے یورپی یونین کے رہنماؤں سے ملاقات کے لئے برسلز روانگی سے قبل انقرہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ترکی پیرس میں ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے لیکن ان حملوں کی آڑ میں پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس کے خلاف ہر سطح پر لڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کو اظہار رائے کی آزادی سے نہیں جوڑا جاسکتا، چارلی ہیبڈو کے اس عمل سے عالم اسلام میں شدید غم و وغصہ پایا جاتا ہے اور اپنے ملک میں پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی کو ہر صورت روکیں گے۔


ترک وزیراعظم نے واضح کیا کہ جس طرح پیرس حملے سے متعلق ترکی کا موقف واضح ہے اسی طرح مسلمان ہونے کے ناطے پیغمبراسلام کی ناموس کے تحفظ کے لئے پرعزم ہیں اورکسی کو اپنے نبی کی شان میں گستاخی کی اجازت نہیں دے سکتے۔


واضح رہے کہ فرانسیسی ہفت روزہ میگزین چارلی ہیبڈو نے گزشتہ روز گستاخانہ خاکے شائع کئے تھے جبکہ ترکی کے بعض اخبارات اور ویب سائٹس نے بھی چارلی ہیبڈو کے شمارہ سے چند مضامین شائع کئے ہیں۔

Load Next Story