مسئلہ کشمیر کے حل تک پاکستان اور بھارت کے درمیان امن و دوستی ممکن نہیں ترجمان پاک فوج
آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ہمراہ دورہ برطانیہ میں شریک ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ نے برطانوی میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بھارت نے سیکریٹری سطح مذاکرات خود ختم کیے جبکہ وزیراعظم نوازشریف نے نریندرمودی سے ملاقات اور مذاکرات بھی کیے اور بھارت کو ڈی جی سطح پر مذاکرات کی دعوت بھی دی گئی لیکن بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرکے پاکستان پر غلط الزمات لگائے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل تک پاکستان اور بھارت کے درمیان امن و دوستی ممکن نہیں۔
عاصم باجوہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کو ہر حال میں شکست دی جائے گی، شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب میں بلا امتیاز کارروائیاں ہورہی ہیں اور اس میں دہشت گردوں کے خلاف اہم کامیابیاں بھی حاصل ہوئی ہیں،آپریشن ضرب عضب کے دوران اب تک 2 ہزار دہشتگرد ہلاک اور 200 فوجی جوان شہید ہوچکے ہیں لہٰذا یہ آپریشن گردوں کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔ ترجمان پاک فوج نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردوں کی فنڈنگ ختم کرنے کے لیے بین الاقوامی سپورٹ بہت ضروری ہے اور دہشتگردوں کے معاشی وسائل اور فنڈنگ کے ذرائع ختم کرنا ہوں گے کیونکہ کوئی بھی دہشت گرد تنظیم مالی وسائل کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتی۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ بلوچستان میں ایک سیاسی اور قومی جدوجہد کی جارہی ہے، صوبے میں دہشت گردی کو ہمسائے ممالک کی سپورٹ حاصل ہے جبکہ بلوچستان کے دہشت گردوں کے افغانستان میں کیمپ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی جانب سے کراچی ایئرپورٹ حملہ ناکام بنایا اور یہی حملہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی بڑی وجہ بنا۔