دہشت گردی سے متعلق چلنے والی ویب سائٹس فوری طور پر بند کی جائیں وزارت داخلہ کا حکم

افغان مہاجرین کو فوری طور پر ان کے کیمپوں میں واپس بھجوایا جائے گا، اعلیٰ سطح کے اجلاس میں فیصلہ

دہشت گرد تنظیموں کے بینک کھاتوں میں رقم کی منتقلی کو بھی بند کرنے کا حکم دے دیا ہے، فوٹو:فائل

وزارت داخلہ نے ملک بھر میں دہشت گردی سے متعلق چلنے والی ویب سائٹس کو بند کرنے سمیت دہشت گرد تنظیموں کے بینک کھاتوں میں رقم کی منتقلی کو بھی بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔


ایکسپریس نیوز کےمطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی زیر صدارت دہشت گردی کے تدارک اور اس سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں قانون نافذ کرنے والے افسران اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی،اجلاس کے بعد وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزارت خزانہ، ایف آئی اے اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کو بینک اکاؤنٹس کی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، بینکوں اور مالیاتی اداروں کو دہشت گرد تنظیموں کے بینک اکاؤنٹس میں رقم کی منتقلی بھی فوری طور پر بند کرنے کا حکم جاری کردیا گیا ہے جبکہ نیکٹا کو تمام مشتبہ بینک اکاؤنٹس اور رقم کی منتقلی کی اسکیننگ کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق ملک بھر میں دہشت گردی سے متعلق چلنے والی ویب سائٹس کو بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جس کے لیے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی انٹیلی جنس اداروں اور پی ٹی اے کے ساتھ مل کر کام کرے گی اور اس سے مواصلاتی شعبے میں گرے ٹریفکنگ کا بھی خاتمہ ہوگا۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ افغان مہاجرین کو فوری طور پر ان کے کیمپوں میں واپس بھجوایا جائے گا اور افغان باشندوں کی رجسٹریشن کے عمل کو بھی تیز تر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
Load Next Story