مشرقی یوکرین میں تازہ جھڑپوں میں 3 فوجیوں سمیت 5 افراد ہلاک

دونیتسک کے ایئر پورٹ پر قبضے کے لئے حکومتی افواج اور علیحدگی پسندوں کے درمیان گھمسان کی لڑائی جاری ہے

دونیتسک کے ایئرپورٹ اور آس پاس کے علاقے پر قبضے کے لئے گزشتہ کئی ماہ سے جاری لڑائی شدت اختیار کر چکی ہے۔ فوٹو: فائل

مشرقی یوکرین میں حکومت کی حامی افواج اور روس نواز علیحدگی پسندوں میں ایک بار پھر جھڑپیں شروع ہو گئی ہیں جس میں 3 فوجیوں سمیت 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق دونیتسک کے ایئر پورٹ پر قبضے کے لئے حکومتی افواج اور باغیوں کے درمیان گھمسان کی لڑائی ہوئی جس میں فوجیوں سمیت 5 افراد ہلاک ہو گئے۔ یوکرین کے فوجی حکام کا کہنا ہے کہ جھڑپوں میں 3 فوجی مارے گئے جب کہ علیحدگی پسندوں نے 2 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ جمعرات سے اب تک باغیوں کے ساتھ جھڑپوں میں 9 فوجی ہلاک اور 18 زخمی ہو چکے ہیں۔


یوکرین کے ایک فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ دونیتسک کے ایئرپورٹ اور آس پاس کے علاقے پر قبضے کے لئے گزشتہ کئی ماہ سے جاری لڑائی شدت اختیار کر چکی ہے۔ باغیوں کی جانب سے ایئرپورٹ پر قبضے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، ایئرپورٹ یوکرین کی سیکیورٹی فورسز کے کنٹرول میں ہے۔ دوسری جانب بیلاروس کے دارالحکومت منسک میں یوکرین، روس اور یورپی سلامتی اور تعاون کے ادارے (او ایس سی ای) کے نمائندوں کا طے شدہ اجلاس نہ ہونے کی وجہ سے امن مذاکرات کا سلسلہ ایک بار پھر کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس اپریل میں یوکرین اور روس نواز علیحدگی پسندوں کے مابین ہونے والی جھڑپوں میں اب تک سیکٹروں افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں۔
Load Next Story