نڈال نے ہار کا رُخ پلٹتے ہوئے فتح کو گلے لگا لیا

راجر فیڈرراور اینڈی مرے کی پیشقدمی جاری، ویمنز میں یوجینی بوچارڈ نے تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی

رافیل نڈال نے 5 سیٹ کے اعصاب شکن مقابلے میں امریکی کوالیفائر ٹم سیمزک کو شکست دی۔ فوٹو: رائٹرز

آسٹریلین اوپن میں رافیل نڈال نے ہار کا رخ پلٹتے ہوئے فتح کو گلے لگا لیا۔


تفصیلات کے مطابق سیزن کے پہلے گرینڈ سلم میں مینز سنگلز کے دوسرے مرحلے میں رافیل نڈال نے 5 سیٹ کے اعصاب شکن مقابلے میں امریکی کوالیفائر ٹم سیمزک کو شکست دی، مقابلہ 4 گھنٹے12 منٹ پر محیط رہا، دوران میچ نڈال کو معدے میں تکلیف کا بھی سامنا رہا جس پر انھیں تیسرے سیٹ میں ٹرینر اور ڈاکٹر سے مدد لینا پڑی،سوئس ماسٹر راجرفیڈرر نے اطالوی حریف سیمون بولیلی کو پچھاڑکر تیسرے راؤنڈ میں قدم رکھ دیے، دوران میچ فیڈرر کی انگلی پر بھی چوٹ پیش آئی،اینڈی مرے نے آسٹریلوی پلیئر مارینکو میٹسووک پر غلبہ پالیا، گریگور دیمیتروف نے چار سیٹ کے بھرپور مقابلے میں جمہوریہ چیک کے لوکاس لیکو کو زیر کیا،ٹوماس بریڈیچ نے جرگن میلزز کو مات دے دی۔ ویمنز میں یوجینی بوچارڈ نے ڈچ حریف کیکی بارٹینز کو 6-0 اور6-3 سے مات دے کر تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔

اب انھیں کیرولین گارشیا کے چیلنج کا سامنا ہوگا، دوسرے راؤنڈ کے دیگر میچز میں سیکنڈ سیڈ ماریا شراپووا نے سخت مقابلے کے بعد روسی کوالیفائر الیگزینڈرا پانووا کو 6-1،4-6 اور7-5 سے قابو کیا، 10 سیڈ ایکٹرینا ماکارووا نے اطالوی حریف روبریٹا ونسی کو ٹھکانے لگایا،اطالوی اسٹار سارا ایرانی نے اسپینش کھلاڑی سلویا سولر ایسپونسا کو ہرا دیا، جرمن اسٹار جولیا گوریجس نے جمہوریہ چیک کی کلارا کوکالووا کو مات دیدی، چینی پلیئر پینگ شوئی نے سلواکین حریف میگڈیلینا ریبریکوا کو رخصت کردیا، یاروسلوا شیوڈووا نے مونیکا پوئگ جبکہ ایرینا کمیلا بیگو نے کیٹرینا سیناکوا کو ہرادیا، لوسیا ہارڈیکا نے پولونا ہرسیوگ پر غلبہ پایا، کیرولینا پلسکووا نے فرنچ حریف اوشین ڈوڈن کو مات دی۔
Load Next Story