خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن نے ہاتھ ملا لیا

صوبے بھر میں آئندہ ماہ "صحت کا اتحاد" کے نام سے مہم چلانے کا اعلان

صوبے بھر میں آئندہ ماہ "صحت کا اتحاد" کے نام سے مہم چلانے کا اعلان. فوٹو: ایکسپریس نیوز

تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) نے خیبرپختونخوا میں پولیو سمیت 9 خطرناک بیماریوں کے مکمل خاتمے کے لئے ساتھ چلنے کا اعلان کردیا۔



پشاور میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں گورنر مہتاب عباسی، وزیراعلی پرویز خٹک، وزیر صحت اور کورکمانڈر پشاور سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر بریفنگ کے دوران اجلاس کو بتایا گیا کہ فاٹا سے پولیو، خسرہ اور ٹی بی جیسی بیماریاں صوبے بھر میں پھیل رہی ہیں جس کے خاتمے کے لئے ہنگامی بنیاد پر اقدامات کی ضرورت ہے۔ اجلاس کے دوران تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) نے صوبے بھر میں پھیلنے والی بیماریوں کے خلاف مشترکہ طور پر آگے چلنے کا فیصلہ کیا اور صوبے میں "صحت کا اتحاد" کے نام سے مہم چلانے کا اعلان کیا۔


اجلاس میں "صحت کا اتحاد" مہم کے لئے 3 ارکان پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی جس میں ایک نمائندہ وفاق، ایک صوبائی حکومت اور ایک نمائندہ پاک فوج سے ہوگا اور کمیٹی مہم کی نگرانی کرے گی۔ ذرائع کے مطابق "صحت کا اتحاد" مہم کا آغاز آئندہ ماہ سے شروع ہوگا اور اس دوران صوبے بھر میں پولیو، ٹی بی، خسرہ، ہیپاٹائٹس، گردن توڑ بخار سمیت 9 بیماریوں کے خاتمے کے لئے مہم چلائی جائے گی اور اس دوران گھر گھر جاکر حفاظتی ٹیکے اور قطرے پلائے جائیں گے۔
Load Next Story