نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو پانچویں ایک روزہ میچ میں شکست دے دی

نیوزی لینڈ کے 360 رنز کے جواب میں مہمان سری لنکا دلشان کی سنچری کے بعد بھی 252 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

میزبان کیویز کی جانب سے ٹرینٹ بولڈ نے 4، ٹم ساؤتھی، گرینٹ ایلیٹ اور میکلینگن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو:اے ایف پی

RAWALPINDI:

نیوزی لینڈ نے پانچویں ایک روزہ میچ میں سری لنکا کو 108 رنز سے شکست دے دی۔


نیوزی لینڈ کے یونیورسٹی اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن کپتان انجیلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو وکٹ کیپر بلے باز لیوک رونچی کے برق رفتار 170 رنز کی بدولت میزبان ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 50 اوورز میں 360 رنز بنائے جس کے جواب میں سری لنکن ٹیم 43.3 اوورز میں 252 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی، تلکرانے دلشان 116 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ تھرمانے 45، مہیلا جے وردھنے 30، جیون مینڈس 18 اور کرونارتنے 12 رنز کے ساتھ نمایاں رہے اور 5 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے۔ میزبان کیویز کی جانب سے ٹرینٹ بولڈ نے 4، ٹم ساؤتھی، گرینٹ ایلیٹ اور میکلینگن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔



نیوزی لینڈ کی جانب سے گرینڈ ایلیٹ اور لیوک رونچی نے تباہ کن بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکن بولنگ لائن کے پرخچے اڑا دیئے، ایک وقت پر کیویز ٹیم کے 5 کھلاڑی صرف 93 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے جس کے بعد رونچی اور ایلیٹ نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے اور مقررہ اوور کے اختتام تک رونچی 99 گیندوں پر 9 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 170 اور گرینٹ ایلیٹ 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 96 گیندوں پر 104 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں مارٹن گپٹل صفر، برینڈم میکولم 25، کین ولیمسن 26، روز ٹیلر 20 اور کوری اینڈریسن 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کی جانب سے نوائن کلسیکارا اور لاہیرو تھرمانے نے 2،2 اور تھیسارا پریرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔


میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والے کیویز بلے باز لیوک رونچی کے 170 اور گرانٹ ایلیٹ کو 2 وکٹیں اور 104 رنز بنانے پر مشترکہ طور پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔


واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان 7 میچز پر مشتمل سیریز میں نیوزی لینڈ کو 1-3 کی برتری حاصل ہے جب کہ سیریز کا اگلا میچ 25 جنوری کو اسی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
Load Next Story